پشاور فروری 28 (ٹی این ایس): گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ ملکی دفاع میں اپناحصہ ڈالیں اور نقل و حرکت میں پاک فوج کی مددومعاونت کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ایمرجنسی کی صورت میں تمام سول اداروں کو ہائی الرٹ کردیاگیاہے ، ٹرانسپورٹر بھی ضرورت پڑنے پر اپنے فوجی جوانوں کا ساتھ دیں اور سامان کی ترسیل سمیت کسی بھی قسم کی آمد ورفت کیلئے ٹرانسپورٹرز اپنا کردار بخوبی ادا کریں۔پاک بھارت کشیدگی پرجاری بیان میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کا کہناتھاکہ ملکی سا لمیت و خودمختاری کے تحفظ کیلئے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پوری قوم کو اپنی بہادرا فواج پر فخر ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت ہماری امن کی پیشکش کوکمزوری نہ سمجھے اور پاگل پن کا مظاہرہ نہ کرے۔ملکی و صوبائی تمام سول ادارے اپنی فوج کی معاونت کیلئے پوری طرح تیار ہیں اورملکی دفاع کی خاطرکسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیاجائیگا۔