پاکستان کا ایٹمی پروگرام امریکہ کی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہے

 
0
329

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نیا ورلڈ آرڈر لکھ رہے ہیں۔ سیکرٹری خارجہ مائک پومپیو کا انکشاف

نیو یارک مارچ 19 (ٹی این ایس): امریکی محکمہ خارجہ کے سیکرٹری مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام امریکہ کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام امریکی سلامتی کو درپیش دنیا کے پانچ بڑے خطرات میں سے ایک ہے۔ مائک پومپیو نے ایک اور موقع پر دنیا کو یہ بتا کرورطہ حیرت میں ڈال دیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نیا ورلڈ آرڈر لکھ رہے ہیں۔حال ہی میں دئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکی سلامتی کو درپیش پانچ بڑے مسائل بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے غلط ہاتھوں میں لگ جانے کا خدشہ ان میں سے ایک ہے۔ پاکستان کے جوہری اثاثوں کی حفاظت کا انتظام ہر لحاظ سے عالمی معیار کا ہے اس پر کوئی دو رائے نہیں ہے۔ بین الاقوامی ادارے اس پراپنی رپورٹ بھی دے چکے ہیں۔وائس آف امریکہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے دعویٰ کیا کہ ہم نے پاکستان کے خلاف جو ایکشن لیے ہیں وہ ہم سے پہلے کسی حکومت نے نہیں لیے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے کو میں بہت سنجیدہ لیتا ہوں کیونکہ میں نے خود اپنے دوستوں کو اس لڑائی میں کھویا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی بھی شخص یا ملک سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دی ہیں جس کا اعتراف خود امریکی حکام سمیت عالمی رہنما کرتے آئے ہیں۔مائک پومپیو کا کہنا تھا کہ ہم نے گیارہ ستمبر کے حملوں سے بہت کچھ سیکھا ہے اور ہم نے پاکستان پر اس سلسلے میں مزید اقدامات کرنے کے لیے زور ڈالا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نامزد موجودہ سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو یہ ذمہ داری ادا کرنے سے قبل امریکی سی آئی اے کے سربراہ تھے۔ انہوں نے اپنی نامزدگی کے فوری بعد منصب کا حلف اٹھانے سے بھی پہلے شمالی کوریا کا خفیہ دورہ کرکے ٹرمپ اور کم جونگ ان کی ملاقات کا راستہ ہموار کیا تھا۔ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان یہ ملاقات کئی دہائیوں کے بعد ہوئی تھی۔