افغان طالبان وسیع اور مشترکہ امن عمل میں شامل ہوں، چین ، پاکستان اور افغانستان کا زور

 
0
406

بیجنگ، دسمبر 27 (ٹی این ایس): پاکستان ، چین اور افغانستان نے افغان طالبان پرزوردیا ہے کہ وہ وسیع اور مشترکہ امن عمل میں شامل ہوں۔

یہ بات بیجنگ میں وزرائے خارجہ کے سہ فریقی مذاکرات کے بعد ایک مشترکہ بیان میں کہی گئی۔

چینی وزیرِ خارجہ وینگ یی نے سہ فریقی اجلاس کے اختتام پر کہاکہ پاکستان اور افغانستان نے اپنے تعلقات جلد سے جلد بہتر بنانے پراتفاق کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیاکہ وہ کسی جماعت یا قوت کو اپنی سرزمین ایسی سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جس سے دوسرے ملک کی سلامتی کو خطرہ ہو۔

وزیرخارجہ خواجہ آصف نے اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور تعاون بڑھانے اور سرحدیں محفوظ بنانے کے حوالے سے تجاویز پرپیشرفت کی امیدظاہر کی ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے سرحدی انتظام بہتربنانے، افغان پناہ گزینوں کی واپسی اورانسداد دہشت گردی کے حوالے سے موثر تعاون کیلئے معلومات کے تبادلے پرزوردیا ۔

چینی وزیرخارجہ نے کہاکہ چین اور پاکستان مشترکہ مفاد کے اصول کے تحت چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو افغانستان تک بڑھانے کیلئے افغانستان کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان کو ترقی اور لوگوں کا معیاری زندگی بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے اور امیدظاہر کی کہ افغانستان خطے میں روابط کے اقدامات میں شمولیت اختیار کرسکتا ہے۔

چینی وزیرِ خارضہ وینگ یی کہاکہ چین کو امید ہے کہ اقتصادی راہداری سے پورے  خطے کو فائدہ پہنچے گا اور اس سے ترقی کا عمل تیز ہوگا ۔

چینی وزیرِ خارجہ وینگ یی نے کہا کہ تینوں ممالک کو پہلے آسان اور چھوٹے منصوبے شروع کرکے بتدریج ، اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ستاون ارب ڈالر مالیت کے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو افغانستان تک توسیع دینے پر اتفاق کیاہے۔

پاکستانی وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہاکہ پاکستان اور چین گہرے دوست ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پرکامیابی سے عملدرآمد افغانستان، ایران اور وسطی اور مغربی ایشیا سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ ایسے ہی منصوبوں کے ذریعے روابط اور تعاون میں اضافے کیلئے ایک نمونے کا کردارادا کرے گا ۔

وینگ یی نے بیجنگ میں اپنے افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی سے ملاقات کی ۔

انہوں نے کہاکہ چین افغانستان میں افغانوں کی سربراہی میں وسیع البنیاد اور جامع سیاسی مصالحتی عمل چاہتا ہے

وینگ یی نے کہاکہ سہ فریقی اجلاس کا مقصد افغانستان اورپاکستان کیلئے رابطوں کا ایک پلیٹ فارم قائم کرنا اور سہ فریقی تعاون کوفروغ دینا ہے ۔