رقم لیکر مجرم چھوڑے گئے تو یہ مک مکا کی سیاست کا تسلسل ہوگا‘خرم نواز گنڈاپور

 
0
15061

لاہور مارچ 30 (ٹی این ایس): پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ رقم لے کر مجرم چھوڑے گئے تو یہ مک مکا کی سیاست کا تسلسل ہوگا، ’’سیٹلمنٹ‘‘ نہیں ’’پنشمنٹ‘‘ پالیسی سے کرپشن جڑ سے اکھڑے گی، لوٹی گئی رقم کا کچھ حصہ واپس لے کر مجرم چھوڑنے کی منفی روایت ختم ہونی چاہیے، جمہوریت انصاف اور کڑے احتساب سے مضبوط ہو گی، وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ’’مجھے کیوں نکالا ‘‘کی فلم کا نیا نام ’’مجھے فوری نکالو ہے‘‘۔ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والوں کو کس سانپ نے سونگھ لیا کہ اب ان کے حلق سے کوئی آواز نہیں نکلتی، ہاتھ ملا کر ہاتھ کرنا نواز شریف کی پرانی سیاست ہے،بلاول کو ٹرین پر چڑھا کر خود پتلی گلی سے نکل گئے، جیلوں میں بند ہر غریب بیمار قیدی کو علاج کیلئے ضمانت ملنی چاہیے، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے قانونی چارہ جوئی کررہے ہیں، انصاف کیلئے جس عدالت میں بھی جانا پڑا جائینگے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پانچ اپریل کے مجلس شوریٰ کے اجلاس میں اہم ایشوز پر پارٹی ممبران سے مشاورت کرینگے، اجلاس کی انتظامی تیاریاں مکمل کر لی ہیں،ایک ہزار سے زائد مجلس شوریٰ کے ممبران اجلاس میں شریک ہونگے، انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آجاتا ہے جس کا سب سے زیادہ نشانہ یومیہ اجرت والا مزدور اور چھوٹے گریڈ کے سرکاری اہلکار بنتے ہیں ، حکومت اشیائے خورونوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے پر توجہ دے۔