حکومت نے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کیلئے خطیر فنڈز فراہم کئے ‘ترجمان محکمہ صحت پنجاب

 
0
301

لاہورجولائی19(ٹی این ایس) محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت نے وزیراعلی محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے خطیر فنڈز فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتالوں کے لئے رواں سال کے بجٹ میں 20.412ارب روپے ادویات کے لئے مختص کئے گئے ہیں جبکہ 2016-17میں 13.604ارب روپے رکھے گئے تھے۔اسی طرح پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کے لئے رواں سال 12ارب روپے جبکہ گزشتہ سال 7.5ارب روپے رکھے گئے تھے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ گزشتہ سال مجموعی طورپر 21ارب روپے جبکہ رواں سال 32ارب روپے سے زائد ادویات کی فراہمی کے لئے رکھے گئے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب ملٹی نیشنل اور قومی سطح کی مقامی ادویہ سازاداروں سے اعلی معیار کی ادویات خرید کر ہسپتالوں کو فراہم کررہی ہے جس سے امیر و غریب کی تفریق ختم ہوگئی ہے اور اس وقت بہترین کوالٹی کی ادویات ہسپتالوں میں دستیاب ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ تمام ہسپتالوں کے شعبہ ایمرجنسی میں 100فیصد ادویات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ وارڈوں میں داخل مریضوں کو بھی حتی الامکان ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں تاہم بعض اوقات کوئی مخصوص دوائی ہسپتال میں دستیاب نہ ہو تو ڈاکٹرز لواحقین کو مذکورہ دوا باہر سے لانے کے لئے کہتے ہیں لیکن ایسا بہت کم ہوتا ہے اور متعلقہ حکام بات علم میں آنے پر فوری کارروائی کرتے ہیں اور شکایت کا ازالہ کیا جاتا ہے ۔ ترجمان نے ان خبروں کی بھرپور الفاظ میں تردید کی ہے جس میں یہ دعوی کیا گیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات دستیاب نہیں اور مریضوں کے لواحقین ادویات بازار سے لانے پر مجبور ہیں۔