پاکستان بار کونسل کی اپیل پر وکلاء کی ضلعی عدالتوں میں پانامہ لیکس میں نامزد حکومتی عہدیداروں کے استعفے کے مطالبے کیلئے ہڑتال

 
0
307

لاہور جولائی19( ٹی این ایس ): پاکستان بار کونسل کی اپیل پر وکلاء نے ضلعی عدالتوں میں پانامہ لیکس میں نامزد حکومتی عہدیداروں کے استعفے کے مطالبے کیلئے ہڑتال کی،ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثر ہو نے سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم لاہور ہائیکورٹ بار نے ہڑتال کی کال سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بار اور پنجاب بار کونسل کے عہدیداروں نے پانامہ معاملے پر وزیر اعظم نواز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک بھر میں مکمل ہڑتال کی کال دی تھی۔

پاکستان بار کونسل کی کال پر ضلعی بار ایسوسی ایشن کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے ۔وکلاء نے بازؤوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور بار رومز کی چھتوں پر سیاہ پرچم بھی لہرائے ۔ہڑتال کے باعث ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثر ہو نے سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ بار نے ہڑتال کی کال سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ ہائیکورٹ بار کے سیکرٹری عامر سعید راں کا کہنا تھا کہ پانامہ معاملے پر وزیر اعظم سمیت دیگر سے استعفے پر سب وکلاء متفق ہیں لیکن ہائیکورٹ میں ہڑتال کرکے سائلین کیلئے مشکلات پیدا نہیں کر سکتے۔ اس لئے ہائیکورٹ بار نے ہڑتال نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔