عالمی اجتماع کا پہلا مرحلہ (کل) رائے ونڈ میں شروع ہو گا ،3خصوصی ٹرینیں زائرین کو لیکر رائے ونڈ پہنچ گئیں

 
0
537

رائے ونڈ نومبر 1 (ٹی این ایس )عالمی اجتماع کا پہلا مرحلہ کل( جمعرات ) رائے ونڈ میں بعد از نماز عصر شروع ہو گا ،3خصوصی ٹرینیں زائرین کو لیکر رائے ونڈ پہنچ گئیں ،مہمانوں کی کھانوں اور مشروبات سے تواضع ،عالمی تبلیغی مرکز 10روز کیلئے بند کردیا گیا ،محکمہ صحت کی جانب سے آٹھ بیڈوں پر مشتمل ایک ہسپتال اور چھ ڈسپنسریاں بھی قائم کردی گئیں،مشکوک افراد کی نگرانی کیلئے بائیو میٹرک تصدیق کیلئے نادرا کی گاڑیاں موجود ہونگی ۔

تفصیلات کے مطابق عالمی اجتماع کا پہلا مرحلہ رائے ونڈ کے وسیع وعریض میدانوں میں کل ( جمعرات ) بعد از نماز عصر امیر جماعت حاجی عبدالوہاب کے ابتدائی بیان سے شروع ہوگا جو تین دن جاری رہنے کے بعد اتوار کی صبح اختتامی دعا پر اختتام پذیر ہو گا ۔اجتماع گاہ کی تیاری کا عمل مکمل ہو گیا ہے قانون نافذ کرنیوالے اداروں سمیت دیگر صوبائی محکموں کے امدادی کیمپ قائم کردئیے گئے ہیں ۔دو ہزار کے قریب پولیس اہلکار پنڈال کے اردگرد ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔بم ڈسپوزل،سول ڈیفنس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینکڑوں اہلکار اجتماع میں خصوصی ڈیوٹی سرانجام دینگے ۔

پنڈال کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر 10واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے ہیں،شرکا اجتماع میں مشکوک افراد کی نگرانی کیلئے بائیو میٹرک تصدیق کیلئے نادرا کی گاڑیاں موجود ہونگی ۔شرکائے اجتماع کے قیام وطعام کیلئے درجنوں مطبخ خانے قائم کردئیے گئے ہیں جہاں گوشت ،سبزی اور روٹی انتہائی سستے داموں دستیاب ہو گی ،پنڈال بازار میں عطائیت کیلئے خلاف خصوصی کارروائی کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، محکمہ صحت کی جانب سے آٹھ بیڈوں پر مشتمل ایک ہسپتال اور چھ ڈسپنسریاں بھی قائم کردی گئیں جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور رورل ہیلتھ سنٹر میں ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں ۔اجتماع ڈیوٹی روسٹر جاری کردیا گیا ہے وبائی امراض اور سانپ ،کتے کاٹنے کی ویکسین فراہم کردی گئی ہیں ۔پنڈال کی صفائی کیلئے اووز پاک کا عملہ اور گاڑیاں ہمہ وقت موجود رہے گا ۔ریلوئے پولیس کی نفری ریلوئے اسٹیشن پر آنے والے مسافروں کی سہولت کیلئے تین شفٹوں میں کام کریگی ۔پنڈال میں شعبہ بجلی کے کارکنان پنڈال کو روشن کرنے میں مصروف ہیں ،سینکڑوں پختہ اور عارضی بیت الخلاء تعمیر کردئیے گئے ہیں ،منبر کی تیاری مکمل ہو چکی ہے ۔

بھارت سے تبلیغی اکابرین کی آمد کا سلسلہ شروع جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق امسال تبلیغی اکابرین کو پاکستانی سفارتخانوں کی جانب سے ویزے جاری کئے گئے ہیں جس سے غیر ملکی مندوبین کی آمد کی شرح میں اضافہ ممکن ہے ۔ دوسری جانب مقامی ذخیرہ اندوز بھی حرکت میں آگئے ہیں سبزی منڈی میں پھلوں اور سبزیوں کی منہ مانگی قیمتوں کی وصولی کے خلا ف تادم تحریر کوئی خصوصی اقدام نہیں کیا گیا اسی طرح ٹرانسپورٹراور رکشہ ڈرائیوروں نے منہ مانگے کرایوں کی وصولی کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جس پر ضلعی انتظامیہ خاموش نظر آرہی ہے ہزاروں گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مختلف مقامات پر وسیع ترین انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ہنگامی حالات سے نبٹنے کیلئے 1122کے کیمپ اور پولیس کیمپ قائم کئے جائیں گے اجتماع کا دوسرا مرحلہ 10نومبر کو شروع ہو گا جو 12نومبر کو اختتامی دعا پر اختتام پذیر ہوگا۔