پنجاب پر چھائے سموگ کے گہرے بادل شہباز حکومت کی بددماغی اور بدانتظامی کا نتیجہ ہیں، فواد چوہدری

 
0
349

 

اسلام آباد ،نو مبر01(ٹی این ایس): تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے لاہور اور گردونواح پر چھائے سموگ کے بادلوں پر پنجاب حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پر چھائے سموگ کے گہرے بادل شہباز حکومت کی بددماغی اور بدانتظامی کا نتیجہ ہیں،پینے کے صاف پانی کے بعد پنجاب کے کروڑوں عوام سے صاف ہوا بھی چھینی جارہی ہے،ملکی سیاست کیطرح ماحول کو بھی تحریک انصاف ہی آلائشوں سے پاک کرے گی۔

بدھ کو اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ لاہور اور گردونواح میں سریے اور سیمنٹ کے جنگل اگانے کیلئے درختوں کا قتل عام کیا گیا، اپنی جیبیں بھرنے کیلئے شہباز حکومت نے صوبے کے ماحول کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے،ساہیوال میں کوئلے کا پلانٹ لگاتے وقت ماحولیاتی ماہرین نے شہباز حکومت کو خبردار کیا۔انہوں نے کہا کہ نون لیگ کو عوام کی صحت اور زندگیوں کا احساس ہوتا تو اس بیدردی سے ماحول خراب نہ کرتی، شہباز حکومت پنجاب سے صحت کی سہولیات کا پہلے ہی صفایا کرچکی ہے،نون لیگ چاہتی تو پختونخوا حکومت کی”بلین ٹری منصوبی” سے بہت کچھ سیکھ سکتی تھی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کے علاوہ پاکستان میں ماحول کی حفاظت اور تطہیر کیلئے کسی نے کچھ نہیں کیا،ملکی سیاست کیطرح ماحول کو بھی تحریک انصاف ہی آلائشوں سے پاک کرے گی۔