پنجاب ہیلتھ ڈویلپمنٹ سنٹر کی بندش،ڈاکٹرز اور نرسوں کی ٹریننگ نہ ہونے پر فریقین کے وکلاء حتمی بحث کے لئے طلب

 
0
465

لاہور جولائی19(ٹی این ایس ):لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب ہیلتھ ڈویلپمنٹ سنٹر کی بندش،ڈاکٹرز اور نرسوں کی ٹریننگ نہ ہونے پر فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کرتے ہوئے سماعت 25جولائی تک ملتوی کر دی ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکاء ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب ہیلتھ ڈویلپمنٹ سنٹر سمیت اکتیس سب سنٹرز کو بند کر دیا گیا ہے،جس کے باعث ڈاکٹروں اور نرسوں کی تربیت نہیں ہو رہی،جلے ہوئے مریضوں،ڈینگی اور دیگر امراض کے لیے تربیت یافتہ سٹاف نہ ہونے کے باعث مریضوں کو بہتر سہولیات مہیا نہیں کی جا سکیں۔ دوران سماعت پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری وکیل نے جواب داخل کراتے ہوئے بتایا کہ کہا کہ پنجاب میں برن یونٹس کام کر رہے ہیں،تربیتی سینٹرز کو بند نہیں کیا گیا، رواں سال جنوری سے جون کے دوران 470ڈاکٹرز ،نرسزاور پیرا میڈیکل سٹاف کی تربیت مکمل کی گئی۔ جس پر فاضل عدالت نے فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کیلئے طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 25جولائی تک ملتوی کر دی ۔