ضلع ملتان کیلئے صحت انصاف کارڈ کا اجرا کردیا گیا، صحت انصاف کارڈ کے ذریعے مستحق افراد کوہسپتالوں تک جانے کا کرایہ، علاج کے دوران تمام سہولیات، آپریشن اورہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد تین دن کی ادویات بھی فراہم کی جائیں گی

 
0
717

لاہور اپریل 04 (ٹی این ایس): ضلع ملتان کیلئے صحت انصاف کارڈ کا اجرا کردیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے قرضے لے لے کرملک کوان حالات تک پہنچایا، سابقہ حکومت نے حکومتی پیسوں کا جوضیاع کیا اس کی مثال نہیں ملتی، عمران خان جلد قوم کومشکل سے نکالیں گے۔ ملتان میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کے حوالے سے تقریب کا انعقاد آرٹس کونسل میں کیا گیا۔
اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے چھ ماہ کے اندرایسا کوئی کام نہیں کیا جس سے مہنگائی ہو اورغربت میں اضافہ ہو، سابقہ حکومتوں کی جانب سے لئے گئے قرضوں کے باعث ملک ان حالات میں پہنچا ہے۔ عمران خان دن رات ایک ہی کاوش میں لگے ہوئے ہیں کہ کسی طریقے سے غربت کی سطح سے نیچے افراد کواوپرلے کرآئیں۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے ایک سو ارب سے چیک ڈس آنرہوئے جن کوہم نے آنرکیا۔ تحریک انصاف کی حکومت انصاف دوست حکومت ہے، یہ حکومت پیسے بنانے اوراپنی تجوریاں بھرنے اوراپنے محلات بنانے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ دن رات کوشاں ہیں کہ عوام کیلئے حالات بہترہوں، عمران خان کے کہنے پرصحت کارڈ کا اجرا سب سے پہلے پسماندہ علاقے راجن پورسے کیا۔
عمران خان سے قبل کسی وزیراعظم نے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے بارے میں نہیں سوچا، صحت کارڈ سات لاکھ بیس ہزار روپے مالیت کا ہے، مکمل علاج نہ ہونے پراس میں تین لاکھ ساٹھ ہزار روپے کا مزید اضافہ ہوگا۔ یہ کارڈ پورے پنجاب میں پینل پرموجود سرکاری اورنجی ہسپتالوں میں قابل استعمال ہوگا،کارڈ کے ذریعے مستحق افراد کوہسپتالوں تک جانے کا کرایہ، علاج کے دوران کی تمام سہولیات، آپریشن اورہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد تین دن کی ادویات بھی فراہم کی جائیں گی، کارڈ میں تجہیزوتدفین کے چارجز بھی شامل کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تھوڑا سا مشکل وقت ہے جلد گزرجائے گا، جلد یہ ملک اقبال اورقائداعظم کا ملک بن جائے گا، ہم ایشین ٹائیگربن کردکھائیں گے۔ اللہ تعالیٰ عمران خان کی نیت جانتا ہے جبھی اللہ بارشیں برسا کراپنی رحمتیں دکھارہا ہے۔ خطاب کے بعد صوبائی وزیرصحت نے مستحق افراد میں صحت کارڈ تقسیم کرکے کارڈز کا باقاعدہ اجرا کیا۔