آئی ایم ایف سے مذاکرات مکمل ہوگئے، معاہدے کے حوالے سے حکومت کا اہم اعلان

 
0
500

آئی ایم ایف سے مذاکرات مکمل، معاہدے کے قریب پہنچ گئے، حتمی معاملات طے کرنے کیلئے وزیر خزانہ اسد عمر امریکا روانہ ہوگئے ہیں: وزیر اطلاعات

اسلام آباد اپریل 09 (ٹی این ایس): آئی ایم ایف سے مذاکرات مکمل ہوگئے، معاہدے کے حوالے سے حکومت کا اہم اعلان، وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات مکمل، معاہدے کے قریب پہنچ گئے، حتمی معاملات طے کرنے کیلئے وزیر خزانہ اسد عمر امریکا روانہ ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے آئیم ایم ایف سے مذاکرات کے حوالے سے اہم اعلان کیا گیا ہے۔

وزیراطلاعات نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں، معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا ہے کہ وزیر خزانہ اسد عمر آئی ایم ایف اے قرض کے حصول کیلئے حتمی معاملات طے کرنے کیلئے امریکا روانہ ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ آئی ایم ایف سے 6 سے 12 ارب ڈالرز تک کا قرض حاصل ہوجائے۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مزید بتایا ہے کہ وزیر خزانہ اسد عمر کی وطن واپسی پر ایمنسٹی سکیم لانچ کر دیں گے۔ متحدہ عرب امارات سے معاہدہ بھی ہو گیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ رمضان المبارک سے پہلے جائیدادوں کے بارے میں خوش خبری ملے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ لوٹ مار کا حساب ہر حالت میں ہوگا۔ پاکستان میں بادشاہت ہوتی تو دو سو بندے لٹکا دیتے تو لوٹا پیسہ واپس آ جاتا لیکن قانون اور آئین کے مطابق چلنا ہوتا ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ شہباز شریف فیملی کے بارے میں حیران کن انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔ حدیبیہ کیس کا طریقہ کار ہی بار بار اپنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا نیب اپنے کیسز کی پراسیکیوشن کر رہا ہے، اسے جو ریکارڈ چاہیے ہوگا ہم تعاون کریں گے۔ حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے اگر نیب مدد چاہتا، تو ان کی مدد کرتے۔ وفاق سے مدد لینے کا فیصلہ نیب نے کرنا ہے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کرپشن کا خاتمہ صرف وزیراعظم عمران خان کی نہیں بلکہ باقی اداروں کی بھی ذمہ داری ہے۔ اگر پاکستان میں بھی بادشاہت ہوتی تو ہم نے بھی 200 بندوں کو الٹا لٹکایا ہوتا، اب تک پیسے واپس آ جاتے لیکن ہم قانون کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔ یہ لوٹے ہوئے دس ارب ڈالر واپس کر دیں تو ہمارا گزارا ہو جائے گا۔