بی آر ٹی منصوبے میں کرپشن ثابت ہو جائے تو سزا بھگتنے کو تیار ہوں، میرے ہاتھ صاف ہیں، میں نے اس پراجیکٹ میں ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں کی،پرویز خٹک

 
0
7132

اسلام آباد اپریل 09 (ٹی این ایس): وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اگر پشاور بی آر ٹی منصوبے میں ایک روپے کی کرپشن ثابت ہو جائے اس کی سزا بھگتنے کو تیار ہوں ۔تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیردفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ میرے اثاثے اور جائیدادیں سب کے سامنے ہیں کوئی بھی انکوائری کمیٹی بناد ی جائے تو اکائو نٹس ڈیٹیل دینے کو بھی تیار ہوں،سبھی جانتے ہیں میری بیرون ملک بھی کوئی جائیداد نہیں ہے۔

بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر اور بدعنوں کے خلاف کارروائی ضرور ہونی چاہیے ،انہوں نے کہا کہ جب صوبے کا وزیراعلیٰ تھا تو اس وقت یہ منصوبہ شروع کیا ، اس منصوبے میں کرپشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا یہ ملک پاکستان کا وہ واحد منصوبہ ہے جس کے بارے میں دھڑلے سے کہا جا سکتا ہے کہ اس منصوبے میں کسی سرکاری افسر نے بھی رشوت نہیں لی۔میرے دور حکومت میں خیبر پختونخوا میں کسی کو رشوت لینے یا ناجائز کام کرنے کی ہمت ہی نہیں ہوتی تھی۔

اس لیے یہ منصوبہ بالکل شفاف ہے۔چونکہ پشاور میں ٹریفک بڑھتی جا رہی ہے اس لیے یہ منصوبہ شہر کی ضرورت ہے اور یہ جلد مکمل ہو گامگر جو لوگ مجھ پر اس منصوبے کے حوالے سے کرپشن کا الزام لگاتے ہیں ان کا اپنا منہ کالا ہو گا اور انہیں شرمندگی کا سامنا بھی کرناپڑے گا کیونکہ میرے ہاتھ صاف ہیں اور میں نے اس پراجیکٹ میں ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں کی۔