آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع

 
0
574

اسلام آباد اپریل 10 (ٹی این ایس): اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 29اپریل تک توسیع کر دی ہے۔ بدھ کو آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی عبوری درخواست ضمانت پر عدالت عالیہ کے جسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی ۔دوران سماعت آصف علی زرداری اور فریال تالپور عدالت میں پیش ہوئے ۔

دورانِ سماعت جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر عباسی سے استفسار کیا کہ نیب نے ابھی تک جواب داخل نہیں کیا، کب تک جواب داخل کریں گے، اس پر سردار مظفر نے بتایا کہ جواب تیار ہے کل تک داخل کردیا جائے، عدالت نے نیب کو تین روز کا وقت دیا اور کہا کہ بتائیں آصف زرداری کے خلاف کتنی انکوائریز چل رہی ہیں، یہ بھی بتائیں کہ کون سی انکوائری ہے جس میں فی الحال آصف زرداری کو نہیں بلایا گیا۔

نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ آصف زرداری کے خلاف تین انکوائریز اور دو انویسٹی گیشن چل رہی ہیں، اس کے علاوہ جو چیزیں میڈیا پر چل رہی ہیں اس کا علم نہیں ہے۔عدالت نے دونوں فریقین کی درخواستوں پر مختصر سماعت کے بعد آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کردی ۔واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی10 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کی تھی اور انہیں شامل تفتیش ہونے اور ہر سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔