سی ڈی اے کی اسلام آباد میں جاری انسداد تجاوزات مہم کے سلسلے میں اسلام آباد شہر میں بھر پور کاروائیاں کیں گئیں، ایک دیوار اور مکان کو مسمار کرنے کے ساتھ ساتھ متعدد سامان بھی قبضہ میں لے لیا گیا

 
0
371

اسلام آباد اپریل 22 (ٹی این ایس): سی ڈی اے کی اسلام آباد میں جاری انسداد تجاوزات مہم کے سلسلے میں اسلام آباد شہر میں بھر پور کاروائیاں کیں گئیں ۔انسدادِ تجاوزات کی ان کاروائیوں کے دوران تجاوزات سے متعلقہ 10 ٹرک سامان ، 10 ڈمپر تعمیراتی سامان کو قبضہ میں لینے کے علاوہ ایک دیوار اور دو زیر تعمیر گھروں کی بنیادوں کو مسمار کر دیا گیا۔
سیکٹر G-9 کراچی کمپنی مرکز میں کی جانے والی انسدادِ تجاوزات کاروائی کے دوران مارکیٹ میں تجاوزات کو ختم کر کے03 ٹرک تجاوزات کا سامان قبضہ میں لے لیا گیا۔
اسی طرح انسدادِ تجاوزات کی مہم میں اسلام آباد چوک، چونگی نمبر26 ، جی ٹی روڈ پر ایک کاروائی کے دوران 04 ٹرک سامان قبضہ میں لے کر ان تجاوزات کرنے والوں کو وارننگ دی گئی کہ آئندہ تجاوزات کرنے سے گریز کریں ۔
مزید برآں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیموں نے مزید آپریشن کے دوران مکتبہ مارکیٹ G-6/1-3 سے تجاوزات کو ختم کروایا جس سے 02 ٹرک سامان قبضہ میں لے کر انفورسمنٹ کے سٹور میں جمع کروا دیا گیا جبکہ اسی طرح کی ایک کاروائی کرتے ہوئے کیفے ارم مارکیٹ سے تجاوزات کو ختم کر کے 01 ٹرک سامان قبضہ میں لے لیا گیا۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیموں نے اسلام آباد ایکسپریس وے پر انسدادِ تجاوزات کے لیے آپریشن کرتے ہوئے اردگرد کے علاقہ سے مستقل اور عارضی تجاوزات کو ختم کر دیا۔ اس کاروائی کے دوران تعمیراتی سامان کو اکھاڑ کر 10 ڈمپر تعمیراتی سامان سٹور میں جمع کروا دیا گیا۔
ایک اور کاروائی کے دوران سید پور کے علاقہ سے 02 زیر تعمیر گھروں کی بنیادوں اور زیر تعمیر حفاظتی دیواروں کو بھی مسمار کر دیا گیا۔