میئر کراچی نے باتھ رومز ،جم ،بس اسٹاپس شیلٹرز اور مختلف مقامات پر 10لاکھ درخت لگانے کی منظوری دے دی

 
0
308

کراچی اپریل 29 (ٹی این ایس): بلدیہ عظمیٰ کراچی اور کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے شہریوں کو مفت سہولیات کی فراہمی کے لئے 100 باتھ روم، 100 جیم، 500 بس اسٹاپس شیلٹر اور 100 پرانی عمارتوں کی مرمت و تزئین وآرائش اور شہر کے مختلف مقامات پر 10 لاکھ درخت لگائے جائیں گے جس کی منظوری میئر کراچی وسیم اختر نے دے دی ہے، کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری بلال منظر نے ممبران مجلس عاملہ کے ہمراہ میئرکراچی وسیم اختر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت شہر میں 50 لاکھ سے زائد افراد کو پینے کے صاف پانی کا مسئلہ درپیش ہے، جو پرائیویٹ سیکٹر کے آراو پلانٹ سے پانی خریدنے کی سکت نہیں رکھتے ان علاقوں میں 100 آراو پلانٹ نصب کئے جائیں گے جہاں شہریوں کو مفت صاف پانی فراہم کیا جائے گا، ان آراو پلانٹ سے 80 ہزار افراد روزانہ پانی حاصل کرسکیں گے، بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت شہر میں 76 لاکھ خواتین روزانہ کام پر جاتی ہیں جن کے لئے کوئی بھی عوامی باتھ روم نہیں ہے، کے ایم سی کی سرپرستی میں کے ایم سی آفیسرز ایسوسی ایشن 100 عوامی باتھ روم تعمیر کرنا چاہتی ہے جن کو روزانہ 8 لاکھ افراد استعمال کرسکیں گے، بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بس اسٹاپس شیلٹر تعمیر کرنے کا بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے جس سے 85 لاکھ افرا د سہولت حاصل کریں گے، 100 ورزشی سامان جس میں 10 لاکھ افراد ایکسر سائز کی سہولت حاصل کریں گے جبکہ 10 لاکھ درخت لگانے کا منصوبہ بھی ہے جسے ملیر اور لیاری ندی کے کناروں اور شہر میں خالی جگہوں پر لگائے جائیں گے، بلال منظر نے بتایا کہ شہر کی 100پرانی اور تاریخی عمارتوں کی بحالی اور تزئین وآرائش کا منصوبہ بھی ہے، میئر کراچی کی اجازت سے 45دنوں میں اس منصوبہ پر عملدرآمد شروع کردیا جائے گا، اس موقع پر میئرکراچی وسیم اختر نے کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اس منصوبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ہی احسن اقدام ہے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی ایسے منصوبوں کی جو عوامی مفاد میں ہونگے ان کی ہرممکن مدد اور تعاون کرنے کے لئے تیار ہے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے افسران اس شہر کے شہری بھی ہیں اپنے شہر کی خوبصورتی اور تعمیر پر سوچنا اور عمل کرنا چاہتے ہیں، یہ بہت ہی اچھی تجاویز ہیں اگر اس پر عمل ہوتا ہے تو اس سے شہریوں کو بہت فائدہ ہوگا۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی ایسی تمام تجاویز اور منصوبوں کی حمایت کرتی ہے بلکہ ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی جو عوام کے لئے کوئی بھی منصوبہ لائیں۔