وادی تیراہ خیبر مئی 02 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو ضلع خیبر کی وادی تیراہ کا دورہ کیا اور تیراہ میں جاری سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ عسکریت پسندوں ایک وقت اس علاقے کو نو گو ایریا بنا دیا تھا۔ تیراہ ایک مشکل علاقہ ہے جو دہشت گردوں کا گڑھ رہا ہے۔ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے علاقے کا دورہ کیا، اس سے قبل ماضی میں کسی سینئر سرکاری عہدیدار اور سیاسی شخصیت نے علاقے کا دورہ نہیں کیا۔
علاقے میں وزیراعظم کے دورہ کے علاوہ سپورٹس گالا کا انعقاد اس بات کا غماز ہے کہ اس علاقے میں امن بحال ہوا ہے، ماضی میں یہ علاقہ دہشت گردی سے سخت متاثر رہا جسے سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے پاک کیا۔ وزیراعظم عمران خان اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ خیبر پختونخوا کے گورنر شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ محمود خان، وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، اراکین اسمبلی کے علاوہ ضلع خیبر کے قبائلی عمائدین اور ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔
قبائلی اضلاع کے مکینوں کی بڑی تعداد نے وزیر اعظم عمران خان کا والہانہ استقبال کیا اور ’’وزیر اعظم قدم بڑھائو ہم تمہارے ساتھ ہیں‘‘ اور’’ وزیر اعظم زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے۔ تیراہ پہنچنے پر فرنٹیئر کور کے ایک چاق و چوبند دستے نے وزیر اعظم کو سلامی دی۔ وزیراعظم نے ہفتہ بھر جاری رہنے والے سپورٹس مقابلوں میں کامیاب ہونے والی ٹیموں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
رنگا رنگ ’’ باغ امن ‘‘ سپورٹس گالا کا آغاز 25 اپریل کو ہوا تھا جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، مختلف کھیلوں کے علاوہ ایف سی کے روایتی بینڈز نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ سکول کے بچوں نے ملی نغمے پیش کئے، سپورٹس گالا میں گھوڑوں کے رقص نے بھی حاضرین کو محظوظ کیا۔













