اسلام آباد کی پھل فروش خاتون کو یو اے کی جانب سے گھر کا تحفہ، متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں تعینات سفیر نے پھل فروش خاتون کو سہولیات سے آراستہ گھر تحفے میں دیا

 
0
539

اسلام آباد مئی 06 (ٹی این ایس): متحدہ عرب امارات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پھل فروش خاتون یاسمین بی بی کو جدید سہولیات سے آراستہ گھر تحفے میں دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم نے پھل فروش خاتون یاسمین بی بی کو گھر کا تحفہ دیا۔ یاسمین بی بی نے کرائے کے گھر سے نکالے جانے کے بعد مدد کی اپیل کی تھی جس پر متحدہ عرب امارات نے باہمت خاتون کی مدد کے لیے آگے بڑھ کر انہیں اسلام آباد میں ایک گھر تحفے میں دے دیا۔
یاسمین بی بی کو گھر کا کرایہ دینے میں مشکلات درپیش تھیں جس کی وجہ سے مالک مکان نے ان سے گھر خالی کرنے کا کہا تھا۔ جس پر یاسمین راشد نے مدد کی اپیل کی تھی۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر کو سوشل میڈیا کے ذریعے یاسمین بی بی کی اپیل اور ان کے حالات کا علم ہوا جس پر انہوں نے اسلام آباد میں ہی انہیں گھر خرید کر دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی رہائشی خاتون یاسمین بی بی نے شوہر کی وفات کے بعد چار بچوں کی پرورش کا بیڑا اُٹھایا اور پھل فروشی کر کے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالنے لگیں۔
اسلام آباد کے پوش سیکٹر ایف 10 میں پھلوں کی ریڑھی لگا دو وقت کی روٹی کمانے والی 40 سالہ خاتون یاسمین بی بی ہمت اور عزم کی پہچان ہیں۔ یاسمین بی بی کا گولڑہ شریف میں چھوٹا سا کرائے کا مکان تھا۔ شوہر کی وفات کے بعد بچوں کی ذمہ داری سر پر پڑی تو یاسمین بی بی نے ہاتھ پھیلانے کے بجائے رزقِ حلال کمانے کو ترجیح دی۔ یاسمین بی بی کی ہمت اور محنت کی داد نہ صرف پھلوں کے خریدار دیتے ہیں بلکہ دکاندار بھی یاسمین بی بی کی مشقت کے معترف ہیں۔
یاسمین بی بی کا کہنا ہے کہ ہمت اور عزم سے ہر کام آسان ہو جاتا ہے اور میں خود اس کی جیتی جاگتی مثال ہوں۔انہوں نے بتایا کہ پہلے پہل میں نے ڈیڑھ سال تک نوکری کی لیکن میری تنخواہ سے بمشکل گزارا ہوتا تھا اسی لیے میں نے پھلوں کی ریڑھی لگائی تاکہ اپنے پانچ بچوں کو تعلیم دلوا سکوں۔ یاسمین بی بی کو پھل فروخت کرتے تقریباً تین سال ہو چکے ہیں۔ ان کے آٹھ سالہ بیٹے کا کہنا ہے کہ وہ اپنی والدہ کو زیادہ دیر اس طرح کام نہیں کرنے دے گا۔