وزارتِ داخلہ نے فیڈرل کمیشن کو اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر نظر ثانی کے لیے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کے لیے ریکویسٹ فار پروپوزلز(RFPs) کی منظوری دے دی ہے

 
0
482

اسلام آباد مئی 10 (ٹی این ایس): وزارتِ داخلہ نے فیڈرل کمیشن کو اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر نظر ثانی کے لیے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کے لیے ریکویسٹ فار پروپوزلز(RFPs) کی منظوری دے دی ہے اور کمیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس عمل میں پیپرا(PPRA)رولز اور دیگر قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

یہ بات فیڈرل کمیشن کے جمعہ کے روز سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں فیڈرل کمیشن کے ممبران نے شرکت کی۔

کمیشن نے اجلاس میں اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر نظر ثانی کے ضمن میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔(RFPs) پر غور کرتے ہوئے کمیشن نے ہدایت کی کہ ان (RFPs) کو پہلے پیپرا سے ویٹنگ کے لیے بھیجا جائے جبکہ ڈائریکٹر پروکیورمنٹ اور کنٹریکٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان کا سی ڈی اے کے قوانین کے مطابق مکمل جائزہ لیں۔ اجلاس میں اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر نظر ثانی کے سلسلے میں 02مئی 2019؁ء کو ہونے والے مشاورتی اجلاس کے بارے میں بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ 16مئی2019 ؁ء کو پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں 11 بجے دن مشاورتی اجلاس پھر بلایا گیا ہے جس میں پرائیویٹ ایسوسی ایشنز، ڈویلپرز، انٹرنیشنل آرگنائزیشنوں، این جی اوز، سول سوسائٹییوں کے نمائندوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ اس مشاورتی اجلاس میں شرکت کریں جس میں فیڈرل کمیشن کی ماسٹرپلان پر نظر ثانی کے لیے اب تک کئے جانے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا اور شرکاء کی آراء لی جائیں گی تاکہ مفید تجاویز کو ماسٹر پلان کا حصہ بنایا جا سکے۔

اجلاس میں ایک سوالنامہ شرکاء میں سروے کے لیے تقسیم کیا جائے گا اور اس پر بھی شرکاء کی تجاویز لی جائیں گی جس کو بعد ازاں آن لائن کر دی جائے گا۔