آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: شرجیل میمن کی اہلیہ کو مل گیا بڑا ریلیف، ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

 
0
217

اسلام آباد 21 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): سندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق کیس میں شرجیل میمن کی اہلیہ صدف شرجیل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی۔

شرجیل میمن کی اہلیہ صدف نے اپنا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کے لیے متعلق سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وہ دبئی میں کاروبار کرتی ہیں اور کاروبار کے سلسلے میں وقتاً فوقتاً ملک سے باہر جانا پڑتا ہے۔

صدف شرجیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ ضمانت حاصل کرنے سے پہلے دبئی میں ہی رہائش پذیر تھی لہذا وزارت داخلہ کو نام ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے شرجیل میمن کی اہلیہ کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی مخالفت کی۔

جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیے کہ صدف شرجیل ریفرنس میں مرکزی ملزم نہیں ہیں، تاحال ریفرنس میں ملزمان پر فرد جرم بھی عائد نہیں ہوئی۔

عدالت نے نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے صدف شرجیل کو 22 ستمبر سے 2 اکتوبر تک ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی۔

خیال رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں شرجیل میمن اور ان کی فیملی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔