خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 29 مئی تک ملتوی

 
0
308

لاہور مئی 27 (ٹی این ایس): لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماوں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی ضمانت کی درخواستوں پر نیب کے وکیل کوحتمی جوابی دلائل دینے کا حکم دے دیا، خواجہ برادران کے وکلا ء نے اپنے دلائل مکمل کرلیے، ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 29 مئی تک ملتوی کر دی گئی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے خواجہ برادران کی ضمانت کی الگ الگ درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالتی حکم پر خواجہ برادران کے وکلا ء نے حتمی دلائل دیئے اور واضح کیا کہ خواجہ برادران کیخلاف نیب الزامات میں کوئی وزن نہیں ہے اور امجد پرویز کا خواجہ برادران کا پیراگون سوسائٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔وکیل کے مطابق خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق نے پیراگون ہاوسنگ سے چالیس پلاٹ لیے اور یہ پلاٹ کے بدلے پلاٹ لیے گئے ۔ وکیل نے بتایا کہ وعدہ معاف گواہ کے بیان سے خواجہ برادران کیخلاف الزام ثابت نہیں ہوتا خواجہ برادران کے وکیل اشتر اوصاف علی نے اعتراض کیا کہ نیب کو خواجہ برادران کیخلاف کارروائی کا اختیار نہیں ہے۔
عدالتی استفسار پر نیب کے وکیل خلیق الزمان چودھری نے بتایا کہ تفتیش مکمل ہوگئی اور ریفرنس دائر کرنے کی منظوری کیلئے چیئرمین نیب کو بھجوا دیا گیاہے، نیب کے وکیل نے بتایا کہ جلد ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا جائے گا۔ ہائیکورٹ نے نیب کو ہدایت کی کہ وہ اس نکتہ پر معاونت کریں کہ خواجہ برادران نے وزرا ہوتے ہوئے ذاتی کاروبار کیسے کیا اور فائدہ اٹھائے گے۔ ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 29 مئی تک ملتوی کر دی۔