آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ اسکیم اسکینڈل اور رمضان شوگر مل کیسز کی سماعت

 
0
344

حمزہ شہباز کی حاضری‘شہبازشریف لندن میں گھوم رہے ہیں انہیں عدالت میں طلبی کے حتمی نوٹس جاری کیئے جائیں
لاہور مئی 28 (ٹی این ایس): لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ اسکیم اسکینڈل اور رمضان شوگر مل کیسز کی سماعت ہوئی جس کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ شہباز شریف کب وطن واپس آئیں گے؟نیب نے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی حاضری معافی سے متعلق احتساب عدالت میں جواب جمع کروا دیا. نیب کے مطابق شہباز شریف کے تمام میڈیکل ٹیسٹ پاکستان میں ہو سکتے ہیں، شہباز شریف کا علاج بھی پاکستان میں ممکن ہے، جبکہ شہباز شریف کھلے عام لندن کی سٹرکوں پر گھوم رہے ہیں.
عدالت نے استفسار کیا کہ شہباز شریف کب وطن واپس آئیں گے؟شہباز شریف کے وکیل نے جواب دیا کہ شہباز شریف 11 جون کو وطن واپس آجائیں گے. واضح رہے کہ رمضان شوگر مل کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے جبکہ آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف سمیت تمام ملزموں پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے‘دونوں کیسوں میں گواہوں کی شہادتیں قلمبند کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے.
واضح رہے کہ نیب نے 21 نومبر 2018ءکو آشیانہ اقبال اسکینڈل کے حوالے سے ریفرنس تیار کیا تھا، جس میں شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے منظور نظر افراد کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی اور بحیثیت وزیر اعلیٰ پنجاب غیر قانونی طور پر پی ایل ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طاقت کا غیر قانونی استعمال کیا. نیب نے عدالت سے درخواست کی کہ آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ اسکیم اسکینڈل اور رمضان شوگر مل کیسز میں شہباز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کیئے جائیں.
دریں اثناءاحتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ اسکیم اسکینڈل اور رمضان شوگر مل کیسز کی سماعت کی، حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے جب کہ شہباز شریف پیش نہیں ہوئے. عدالت کے استفسار پر شہباز شریف کے وکیل عطا تارڑ نے کہا کہ شہباز شریف 11 جون کو وطن واپس آجائیں گے. نیب نے شہباز شریف کی حاضری معافی سے متعلق جواب جمع کروا دیا.
دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پرلاہور ہائی کورٹ میں آج سماعت ہوگی‘ حمزہ شہبازکی درخواست ضمانت پرہائی کورٹ میں آج سماعت ہوگی عدالت نے حمزہ شہباز کو وکلا کو بحث کے لیے طلب کررکھا ہے.وکیل حمزہ شہباز کے مطابق ان کے موکل نیب کی جانب سے تینوں مقدمات میں مکمل تعاون کر رہے ہیں، نیب ہر صورت گرفتار کرنے کی کوشش کر رہا ہے.
دوسری جانب ڈی جی نیب کے خلاف چھاپے مارنے پرتوہین عدالت کی درخواست پربھی سماعت ہوگی توہین عدالت کی درخواست حمزہ شہبازکی جانب سے دائرکی گئی ہے. یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس علی باقرنجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے رمضان شوگر ملز ، صاف پانی اور آمدن سے زائد اثاثے کیس میں حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کے لیے درخواستوں پر سماعت کی تھی. لاہور ہائی کورٹ نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد رمضان شوگر ملز، صاف پانی اور آمدن سے زائد اثاثے کیس میں حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 28 مئی تک توسیع کردی تھی.