آج شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے چاند دیکھنے کے دوران آج ملک بھرمیں موسم ابر آلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات

 
0
1120

کراچی جون 04 (ٹی این ایس): محکمہ موسمیات کے مطابق آج شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی محکمہ موسمیات نے آج منگل کے روز شوال کا چاند نظرآنے کا قوی امکان ظاہر کر دیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف اور کہیں جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش پیر دوپہر 3 بجکر 2 منٹ پر ہو چکی ہے، 7 بج کر 19 منٹ پر سورج غروب ہوگا اور چاند کی عمر 28 گھنٹے 42 منٹ ہوگی۔
خیال رہے کہ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج محکمہ موسمیات کراچی کے دفتر میں ہوگا، اجلاس کی صدارت چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کریں گے جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقررہ مقامات پر منعقد ہوں گے۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی شہادتوں کی بنیاد پرعید الفطرکا چاند نظرآنے یا نہ آنے کا اعلان کرے گی۔
مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی ماہ شوال کے چاند کی رویت کا فیصلہ کرے گی، اسلامی مہینے کے آغاز اور رویت کا فیصلہ صرف چاند دیکھ کرہی کیا جاسکتا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری بھی 5 جون کو عید الفطر منانے کی پیشگوئی کر چکے ہیں، وزارت سائنس وٹیکنالوجی نے ایک قمری کیلنڈر جاری کر رکھا ہے جس سے آئندہ 5 سالوں تک چاند دیکھنے کی ضرورت نہیں۔ اس کیلنڈر میں آئندہ پانچ سالوں کی رمضان المبارک اور عید الفطر کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اس کیلنڈر کو لے کر بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مفتی منیب الرحمان اور وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کے مابین نوک جھونک ہوئی تھی۔