سندھ حکومت کا ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے کیلئے گرین لائنز بس سروس کیساتھ بلیولائنز بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

 
0
406

کراچی جولائی19( ٹی این ایس ) سندھ حکومت نے ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے کے لئے گرین لائنز بس سروس کے ساتھ ساتھ ایک اور اہم منصوبہ بلولائنز بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیایہ منصوبہ بھی بس ریپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم کا حصہ ہوگا۔اس ضمن میں سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ اس منصوبے کی تکمیل پرتقریبا 8ارب روپے خرچ ہوں گے ۔ بلولائن کا روٹ 80کلومیٹر سے زیادہ ہے ۔ اس میں سے ساڑھے چھ کلومیٹر سے کچھ زیادہ کا راستہ بس پل کے ذریعے طے کرے گی ۔ منصوبے کے لئے 30ایکڑ زمین درکار ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ بلو لائنز کے 9اسٹیشنز ہوں گے اور اس میں سے 3 زیر زمین ہوں گے۔اس منصوبے کی خاصیت یہ ہے کہ یہ برق رفتارہوگی جبکہ کرایہ نہایت کم ہوگا۔ منصوبے کے تحت سالانہ تین لاکھ 57 ہزار مسافر سفر کرسکیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ بلولائنز بس سروس کا روٹ سہراب گوٹھ پر واقع الآصف اسکوائر سے شروع ہوگا اور یوسف پلازہ، نصیر آباد، عائشہ منزل، کریم آباد، لیاقت آباد، ڈاک خانہ اور تین ہٹی سے ہوتا ہوا گرومندر پر ختم ہوگا۔واضح رہے کہ شہرقائد ملک کا رقبے اور آبادی کے لحاظ سے بھی سب سے بڑا شہرہے۔یہاں آبادی زیادہ اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کم ہونے کے باعث بے شمارمشکلات ہیں لیکن صوبائی اور وفاقی حکومتیں مل کر اس مشکل پر قابو پانے کے لئے سرگرم ہیں ۔