وزیراعظم کابینہ کے اہم ممبر کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرنے ان کے آبائی گھر گئے جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا،وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

 
0
435

اسلام آباد جون 21 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ وزیراعظم کابینہ کے اہم ممبر کے انتقال کے بعد ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرنے ان کے آبائی گھر گئے جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا ہے، وزیراعظم کو بروقت نوٹس جاری ہونے سے حیرانگی ہوئی۔ جمعہ کو پارلیمانی سیکرٹری برائے پلاننگ کنول شوذب کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کو نوٹس جاری کیا گیا اور باقی تعزیت کرنے والے ایم پی ایز کو کیوں نہیں دیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے کوئی اعلان یا سیاسی بات بھی نہیں کی، میری شکایات کے باوجود الیکشن کمیشن نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت سلیکٹ ہو کر آئی ہے، ان لوگوں کو کبھی اتنے ووٹ نہیں ملے، صوبہ میں ڈسٹرکٹ لیول پر افسران کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر بیراج میں پانی کی وافر مقدار موجود ہے، اس کے باوجود سندھ میں پانی کی شدید قلت ہے جبکہ سندھ کے واٹر مینجمنٹ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، سندھ کے ساتھ کراچی میں بھی پانی کی کمی ہے، اس ناانصافی کے باعث کسان عدالت تک جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میری 10 سال سے دی ہوئی شکایات کا الیکشن کمیشن نے جواب نہیں دیا، سندھ میں شفاف انتخابات کبھی نہیں ہو سکتے۔ اس موقع پر کنول شوذب نے کہا کہ سب اپوزیشن پروڈکشن آرڈرز کیلئے شور کرتے ہیں، جیسے ہی پروڈکشن آرڈرز جاری ہوتے ہیں تو خاموشی اختیار کر لیتے ہیں، ان کو عوام کے مسائل سے کچھ لینا دینا نہیں، فرانس کا پانی اور دوسرے ممالک کا آرام چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تعزیت کرنے پر نوٹس جاری کرنا غلط ہے، اپوزیشن صرف پروڈکشن آرڈرز کیلئے ایوان میں آتی ہے، سندھ کو اپوزیشن نظر انداز کر رہی ہے۔