الیکشن کمیشن کاقبائلی اضلاع میں انتخابات کے انعقاد کیلئے سیکورٹی کے تمام تر انتظامات پاک فوج کے سپرد کرنے کا فیصلہ

 
0
251

اسلام آباد جون 21 (ٹی این ایس): الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قبائلی اضلاع میں 20 جولائی 2019 کو صوبائی اسمبلی کی 16 عام نشستوں پر پرامن ماحول میں صاف، شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے سیکورٹی کے تمام تر انتظامات پاک فوج کے سپرد کرنے کا فیصلہ کرلیا اور انتخابات پاک فوج کی نگرانی میں ہوں گے۔ تمام اضلاع میں قائم پولنگ سٹیشنوں کے اندر اور باہر پاک آرمی اور سول آرمڈ فورسز کے افسر اور جوان تعینات کئے جائیں گے جبکہ پاک فوج اور سول آرمڈ فروسز کے نامزد افسروں اور جونیئر کمیشنڈ افسروں کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کئے جائیں گے۔
اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق پاکستان پرنٹنگ پریس اسلام آباد پر بیلٹ پیپرز کی چھپائی سے لے کر متعلقہ قبائلی اضلاع تک ترسیل بھی پاک فوج کی کڑی نگرانی میں کی جائے گی۔اعلامیہ کے مطابق پاک فوج کے جوان انتخابی عملہ کی تربیت کے دوران شیڈول کے مطابق 24 جون سے 7 جولائی 2019 تک تربیت گاہوں کی حفاظت پر بھی مامور کئے جائیں گے۔
پاک آرمی اور سول آرمڈ فورسز کے مسلح دستے تمام پولنگ اسٹیشنز پر 18جولائی سی21 جولائی 2018 تک تعینات رہیں گے جبکہ متعلقہ ریٹرننگ افسروں کے دفاتر پر بھی انتخابی نتائج مرتب کرنے تک ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔قبائلی اضلاع میں انتخابات کے دوران امن و امان قائم رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنیکیلئے پاک فوج کی اضافی نفری ریزرو بھی رکھی جائے گی۔