قطری وزیر خارجہ کی پاکستان آمد ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات

 
0
290

اسلام آباد جون 22 (ٹی این ایس): قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان پاکستان پہنچ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق قطر کے وزیر خارجہ کی پاکستان آمد پر وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نور خان ائیر بیس پر ان سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے اپنے قطری ہم منصب محمد بن عبدالرحمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا ۔ اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور امیر قطر کے دورہ پاکستان سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
قطری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قطر پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے۔ پاکستان اور قطر کے تعلقات ہمیشہ قریبی اور دوستانہ رہے ہیں۔ جس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ قطری وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
قطری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فیفا ورلڈ کپ میں ہم پاکستان سے انفرادی قوت کے خواہاں ہیں۔ دوسری جانب قطر کے ساتھ مجوزہ ایک روزہ بزنس کانفرنس منسوخ کر دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ آج قطر کے امیر بھی کچھ دیر میں دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ امیرقطر شیخ تمیم بن حمد الثانی آج دو روزہ دورے پرپاکستان پہنچیں گے، دورے کے دوران وہ وزیراعظم عمران خان او ر صدرمملکت عارف علوی سے ملاقات کریں گے۔
شیخ تمیم بن حمد الثانی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر آرہے ہیں،امیر قطر اعلیٰ سطح وفد کے ساتھ پاکستان آئیں گے، قطری وفد اہم وزرا اورسینئرحکام پر مشتمل ہوگا۔ دفترخارجہ کے مطابق دورے میں 2 اہم مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے، جس میں منی لانڈرنگ سے متعلق فنانشل انٹیلی جنس تعاون کی یادداشت شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی پاکستان میں 22 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔