سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مل کر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھر پور آپریشن کیا

 
0
399

اسلام آباد جون 22 (ٹی این ایس): آپریشن میں انفورسمنٹ اور ضلعی انتظامیہ پولیس کے علاوہ ھیوی مشینری کو استعمال کیا گیا۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جابہ تیلی کے علاقے میں کئے جانے والے آپریشن میں 02گھروں سمیت 05 کمرے اور تین چار دیواریوں (باؤنڈری والز) کو مسمار کر دیا جبکہ کشمیر ہائی وے سیکٹر H-13 میں سائیں مرچو کے مزار کے قریب غیر قانونی طور پر تعمیر کی جانے والی بہت بڑی چار دیواری کو مکمل مسمار کر دیا اور ریت اور بلڈنگ میٹریل کے ایک غیر قانونی اڈے (سیل پوائنٹ) کو ختم کر دیا۔
اسلام آباد کے سیکٹر G-6/2 میں واقع کچی آباد(دھوبی گھاٹ) میں نالے کے قریب غیر قانونی طور پر نئی زیر تعمیر باؤنڈری وال کو بھی گرا دیا جبکہ سیکٹر G-7 (ستارہ مارکیٹ) کی کچی آبادی میں نئے تعمیر کیے جانے والے دو کمروں کو گرا دیا گیا۔ اس طرح سیکٹرG-7/4میں سرکاری رہائش گاہ میں بنائے جانے والے گیراج کو بھی مسمار کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ سیکٹرH-8 میں ایدھی ہومز کے قریب کنٹریکٹرز کی طرف سے کی جانے والی غیر قانونی تعمیرات (سٹرکچرز) کو بھی مسمار کر دیا گیا۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال کے گرد و نواح اور آئی الیون فور میں تجاوزات کو ختم کر کے 04ٹرک سامان ضبط کر کے سی ڈی اے کے سٹور میں جمع کرا دیا۔ سیکٹر F-11 میں گرلز سکول سے ملحقہ غیر قانونی طور پر بنائے جانے والے بھینسوں کے باڑے کو بھی مکمل طور پر ختم کر دیا۔
مزید برآں نیلور کے ممنوعہ علاقے میں غیر قانونی طور پر گھر تعمیر کرنے والے 48 افراد کے خلاف پولیس اسٹیشن نیلور میں ضلعی انتظامیہ کے اسسٹنٹ کمشنر کی مشاورت کے بعد برائے قانونی کاروائی درخواست بھی دے دی گئی ہے۔
اسی طرح سیکٹر ایچ نائن کچی آبادی میں کاروائی عمل میں لاتے ہوئے سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے 08 عدد نئے تعمیر کیے گئے کمرے اور 04 عدد چار دیواریاں مسمار کرنے کے علاوہ بلڈنگ بلاکس کو توڑ دیا۔