پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ و ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا بھارت کی حکومت پر مسلمانوں کے قدیم تاریخی و مذہبی مقامات کھولنے کیلئے انتظامات کرنے پر زور

 
0
346

اسلام آباد جون 29 (ٹی این ایس): پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے بھارت کی حکومت پر مسلمانوں کے قدیم تاریخی مذہبی مقامات کھولنے کیلئے انتظامات کرنے پر زوردیا ہے ۔ ہفتے کو یہاں جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ بات میڈیا سے گفتگو میں کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہندو کونسل کے اعلیٰ سطح کے وفد نے وزیراعظم آزاد جموں کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی خصوصی دعوت پرقدیمی مندرشاردا پیٹھ کی بحالی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی تجاویز پیش کردی ہیں۔
ڈاکٹر رمیش وانکوانی کا کہنا تھا کہ دنیا کی خوبصورت ترین وادی نیلم میں واقع علم و دانش کی ہندو دیوی شاردا سے منسوب شاردا پیٹھ کا تاریخی مقام زمانہ قدیم سے ایک نمایاں تعلیمی درس گاہ تھا جہاں دنیا بھر سے لوگ علم کی پیاس بجھانے آتے تھے۔ امریکا کی جانب سے مذہبی آزادی کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹ پر اپنے تبصرے میں انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی قیادت نے کرتارپور راہداری اور شادرا پیٹھ کی بحالی سے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و امان کے قیام، علاقائی سلامتی، مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کیلئے پُرعزم ہے۔
انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے مثبت اقدامات کے جواب میں وہاں بھی مسلمانوں کے تاریخی مذہبی مقامات کو بحال کرتے ہوئے مذہبی آزادی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں ہندو آبادی صفر ہونے کے باوجود آزاد کشمیر حکومت کا شاردا پیٹھ کی بحالی کیلئے پاکستان ہندوکونسل سے تعاون ایک قابل تقلید اقدام ہے۔
انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ مسلم اکثریتی علاقے میںواقع شاردا پیٹھ عنقریب ایک ایسارول ماڈل مقدس مقام بن کر سامنے آئے گا جس سے عالمی برادری جان سکے گی کہ اقلیتی مقامات کی حفاظت کیسے کی جاتی ہے ، پاکستان ہندوکونسل کی پیش کردہ تجویز کے مطابق شادرا پیٹھ کو پہلے مرحلے میں پاکستانی ہندو شہریوں کیلئے کھولا جائے اور تمام یاتریوں کیلئے روٹ اسلام آباد سے براستہ کوہالہ وضع کیا جائے۔