جامعہ کے طلبہ کو ہر ممکن مالی،اخلاقی اور تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے،وائس چانسلر جامعہ کراچی

 
0
401

کراچی جولائی19 (ٹی این ایس) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ جامعہ کے طلبہ کو ہر ممکن مالی،اخلاقی اور تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کا دارومدار اس کے افراد کی شرح خواندگی پر ہوتا ہے۔ ہر ملک اپنے نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے ہر ممکن سہولیات اور آسانیاں فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کرتا ہے، کیونکہ یہی آگے چل کرملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالتے ہیں اور اپنی اپنی فنی مہارت، ہنر اور علم کے ذریعے ملک کے بیشتر اداروں کو مزید مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہیں۔ہماری کوشش ہے کہ طلبہ کو بہترسے بہترسہولیات فراہم کی جائیں جن میں ٹرانسپورٹ کی سہولت سر فہرست ہے تاکہ وہ پرسکون ہوکر اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھ سکیں ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے تزئین وآرائش شدہ بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا اہتمام شعبہ ٹرانسپورٹ کے زیر اہتمام کیا گیا تھا۔کنوینر شعبہ ٹرانسپورٹ کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر نے کہا کہ ہم جامعہ کراچی کے شعبہ ٹرانسپورٹ کو بہتر ی کی جانب گامزن کرنے کے لئے کوشاں ہیں ،ان بسوں سے کے شامل ہونے سے مزید دوروٹس کا اضافہ ہوجائے گا۔شعبہ ٹرانسپورٹ جامعہ کراچی نامساعد مالی حالات کے باوجود طلبہ کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہاہے ۔ڈاکٹر شاہ علی القدر نے مزید کہا کہ سب سے خوش آئند بات یہ ہے کہ مذکورہ بسوں کی تزئین وآرائش کاکام شعبہ ٹرانسپورٹ ہی کے باڈی میکر اور میکنیکل عملے نے ہی انجام دیاجولائق تحسین ہے۔ اس موقع پر رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال اظہر،رئیس کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر تسنیم آدم علی ،کیمپس سیکورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر محمد زبیر ،مشیرامور طلبہ سید عاصم علی اورٹرانسپورٹ افسر رشید عالم بھی موجودتھے