پنجاب پولیس شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کا فریضہ محنت اور خلوص نیت کے ساتھ سر انجام دے رہی ہے،

 
0
503

عوام کو پولیسنگ سے متعلق سہولیات کی بہتر فراہمی کیلئے , ون ونڈو لائسنسنگ سنٹر قائم کر دئیے ہیں، آ ئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان
لاہور جولائی 29 (ٹی این ایس): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ محدود وسائل اور کم نفری کے باوجود پنجاب پولیس شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کا فریضہ بھرپور محنت اور خلوص نیت کے ساتھ پوری طرح الرٹ ہوکر سر انجام دے رہی ہے جبکہ عوام کو پولیسنگ سے متعلق سہولیات کی با آسانی اور بہتر سے بہتر فراہمی کیلئے اینٹی گریٹڈ سسٹم کے تحت خدمت مراکز اور ون ونڈو لائسنسنگ سنٹر قائم کئے گئے ہیںجہاں عوام کوبہترین ماحول میں ایک ہی چھت تلے 14سے زائد سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ میں داخلی احتساب کا بہت سخت نظام رائج ہے اور اختیارات سے تجاوز اورخلاف قانون کام کرنے والوں کو احتساب کے عمل سے گذرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایک بڑا صوبہ ہے جس میں مجموعی طور پر 716پولیس اسٹیشن ہیں جن میں 100سے زائد تھانوں کی اپنی عمارتیں ہی موجود نہیں ہیں حکومت کے پاس وسائل کی کمی ہے تاہم محکمہ کو حکومت کی جانب سے جو فنڈز ملتے ہیں انہیں طے شدہ ترجیحات کے مطابق محکمے کی کارکردگی اور ملازمین کی بہتری پر خرچ کیا جاتا ہے ۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس فورس نامساعد حالات میں بھی فرنٹ لائن کا کردار ادا کرتی ہے لہذا تنخواہوں میں اضافے کے لئے پولیس کا ایک منجمند شدہ الاؤنس بحال کیا جا رہا ہے جبکہ حکومت کو تنخواہوں میں کمی کا بھی بھر پور احساس ہے اور جلد تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود راولپنڈی پولیس اور ٹریفک پولیس کی کارکردگی بہترین ہے اور پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے جتنے کرکٹ میچ پنجاب میں ہوں گے ان کو فول پروف اور غیر معمولی سیکورٹی فراہم کی جائے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سٹی ٹریفک ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ون ونڈو لائسنسنگ برانچ کی نو تعمیر شدہ عمارت کے افتتاح اور آر پی او آفس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ریجنل پولیس افسر راولپنڈی کیپٹن (ر)احسان طفیل اور چیف ٹریفک افسر محمد بن اشرف سمیت متعلقہ پولیس افسران بھی موجود تھے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پولیس ملازمین کو پاک فوج کی طرح پر کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ)کی طرز پر جدید اور معیاری ہسپتال فراہم کیاجائے کیونکہ کام کی زیادتی اور دباؤ میں کام کرنے سے ہمارے پولیس ملازمین45سال کی عمر کے بعد شوگر، ہیپاٹائٹس اور عارضہ قلب سمیت مختلف بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی صحت ہماری ترجیحات میں شامل ہیں جس کیلئے محکمہ صحت کے اشتراک سے راولپنڈی میں صحت کے منصوبے کیلئے پی سی ون پر کام ہو چکا ہے تاہم فی الوقت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر انتظام98ہسپتالوں میں پولیس ملازمین کو مفت طبی سہولیات کے منصوبے کا آغاز بہت جلد ہونے کو ہے، مزید یہ کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہماری استدعا پر پولیس ملازمین کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ موٹر وے پولیس کی بہتر کارکردگی کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ان کی ڈیوٹی کے اوقات کار صرف 8گھنٹے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کو گزشتہ10سال سے نئی گاڑیاں نہیں مل سکیں جبکہ پہلے سے موجود گاڑیاں خستہ حال ہوچکی ہیں اس کے باوجود دستیاب وسائل میں پولیس کی کا رکردگی قابل تحسین ہے ،انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ساتھ بہتر اور خوشگوار پیشہ ورانہ تعلقات کی مضبوطی پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ٹریفک ہیڈ کوارٹر میں نو تعمیر شدہ عمارت میں لائسنسنگ برانچ کے قیام کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے شہریوں کو لائسنس کی تجدید اور نئے لائسنس کے حصول سمیت تمام امور میں سہولت میسر ہو گی جس سے نہ صرف عوام کے وقت کا ضیاع روکا جا سکے گا بلکہ ٹریفک پولیس کی کارکردگی بھی بہتر ہو گی۔
آر پی او آفس راولپنڈی آمد پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے آئی جی پنجاب کو سلامی پیش کی جس کے بعد آئی جی پنجاب کی زیر صدارت کرائم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں آر پی او احسان طفیل ، سی پی او کیپٹن (ر)محمد فیصل رانااور سی ٹی او راولپنڈی سمیت دیگر افسران شریک ہوئے ۔ اس موقع پر آر پی او راولپنڈی نے آئی جی پنجاب کو ریجن میں کرائم صورتحال ،حساس تنصیبات اور عید الاضحی کے سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی ۔ آئی جی پنجا ب نے افسران کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصرکے خلاف آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے اور خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں ملوث ملزمان کو پابند سلاسل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔