لاہور، پشاور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور دیگر بڑے شہروں میں آئندہ چند روزہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

 
0
353

اسلام آباد اگست 03 (ٹی این ایس): لاہور، پشاور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور دیگر بڑے شہروں میں آئندہ چند روزہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 72 گھنٹوں کے دوران دریائے جہلم اور چناب اور ان سے منسلک ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ انتہائی تیز ہو گا، پنجاب کے شہروں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ کے دوران مون سون بارشوں کے سلسلے میں مزید تیزی دیکھنے میں آئے گی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو باخبر رکھنے کے لیے مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں ممکنہ سیلاب کے خطرات سے متعلق نیا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ کے مطابق مون سون کے نئے سسٹم کے نتیجے میں 72 گھنٹوں کے دوران دریائے جہلم اور چناب اور ان سے منسلک ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ انتہائی تیز ہو گا جبکہ دریائے کابل اور اس سے منسلک ندی نالوں میں یہ بہاؤ درمیانی شدت اختیار کرے گا۔
اس دوران پشاور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور اور سرگودھا ڈویژن میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ این ڈی ایم اے ذرائع کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے باعث بارشوں کا پیٹرن اتنا بدل چکا ہے کہ کسی بھی انتہائی غیر معمولی ایونٹ کی صورت میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا قوی امکان ہے۔ جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں یعنی لاہور ڈویژن، گوجرانوالہ ڈویژن، سرگودھا، راولپنڈی، اسلام آباد اور کشمیر کے علاقوں میں اس بار مون سون کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشینگوئی کی گئی ہے۔