مریم نواز کو گرفتار کر لیا گیا نیب کی ٹیم نے ن لیگ کی رہنما مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے گرفتار کیا

 
0
469

لاہور اگست 08 (ٹی این ایس): نیب لاہورکی ٹیم نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کو گرفتار کر لیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے گرفتار کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب کی ٹیم نے مریم نواز کو حراست میں لے لیا ہے۔ آج سابق وزیراعظم نواز شریف سے جیل میں ملاقات کا دن ہے۔مریم نواز جیل میں والد سے ملاقات کے لیے آئی تھیں۔
تاہم اس موقع پر نیب نے انہیں حراست میں لے لیا۔مریم نواز کو نیب نے آج 3 بجے طلب کیا تھا۔مریم نواز کو چوہدری شوگرملز اور منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔مریم نواز کو گرفتار کرنے کے لیے نیب کی 4 گاڑیاں کو ٹ لکھپت جیل پہنچی تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ نیب نے مریم نواز کو 8 اگست کو طلب کیا تو مریم نواز نے پیش ہونے سے انکار کیا تھا جس کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
خیال رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی و مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز 31 جولائی کو چودھری شوگر ملز کیس میں نیب کے نوٹس پرنیب لاہور کے دفتر پیش ہوئی تھیں۔ دوران تفتیش مریم نواز چودھری شوگر ملز کے شیئر کی خریداری سے متعلق جواب نہ دے سکیں جس پر نیب نے مریم نواز کو سوالنامہ دے کر 8 اگست کو دوبارہ طلب کیا تھا دوران تفتیش نیب کی جانب سے مریم نواز سے شیئرز کی خرید و فروخت کے متعلق سوالات کئے گئے۔
ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے پو چھا گیا کہ چودھری شوگر ملز میں شیئرز کی خریداری کیسے ہوئی ، مریم نواز نیب ٹیم کواپنے دئیے گئے جوابات سے مطمئن نہ کر سکیں۔ نیب نے مریم نواز کو سوالنامہ دیتے ہوئے 8 اگست کو دوبارہ طلب کر لیا اور ریکارڈ بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی، مریم نواز نیب آفس میں 40 منٹ تک موجود رہیں۔تاہم مریم نواز نے آج نیب میں پیش ہونے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد نیب نے آج تحویل میں لے لیا۔کوٹ لکھپت جیل کے باہر ن لیگ کے کارکنان کا مریم نواز کی گرفتاری کے بعد احتجاج جاری ہے۔