فیروز پور روڈ پر خود کش دھماکے کے نتیجے میں9پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد شہید ،50سے زائد زخمی ،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

 
0
594

لاہور جولائی24(ٹی این ایس )صوبائی دارالحکومت کے علاقہ فیروز پور روڈ پرارفع کریم ٹاور کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے میں9پولیس اہلکاروں سمیت 26افراد شہید جبکہ 50 کے زائد زخمی ہو گئے ،زخمیوں میں سے 14کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے ،دھماکہ اس قدر شدید تھاکہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ،پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈکی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ پاک فوج اور رینجرز کے دستے بھی موقع پر پہنچ گئے اور سکیورٹی فرائض سر انجام دئیے ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز فیر وز پور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب اچانک زور دار دھماکہ ہو گیا جس سے ہر طرف افرا تفری پھیل گئی ۔

دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت درجنوں افراد زخمی ہو گئے ۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ شدت سے کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، ایدھی ایمبولینسز ، پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا ۔ بعد ازاں پاک فوج اور رینجرز کے دستے بھی موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے سکیورٹی کے فرائض سنبھال لئے ۔فرانزک ماہرین اور حساس اداروں کی طرف سے دھماکے کی جگہ کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کئے گئے ۔

سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس کے مطابق اس واقعہ میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے ایک نشریاتی ادارے کو ابتدائی طور پر بتایا کہ یہ خودکش دھماکہ تھا۔بتایا گیا ہے کہ لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری تھا اور اسی تناظر میں پولیس کا ایک کیمپ قائم کیا گیا تھا۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کے مطابق شہید پولیس اہلکار تجاوزات کے خلاف آپریشن کو سکیورٹی دے رہے تھے اور ناکہ لگانے کیلئے تیاری کر رہے تھے کہ دہشتگردی کی کارروائی ہو گئی ۔ہسپتالوں کی لسٹ کے مطابق جنرل ہسپتال میں دھماکے کے 29 زخمی اور 10 ڈیڈ باڈیز، سروسز ہسپتال میں ایک زخمی اور دو ڈیڈ باڈیز، جناح ہسپتال 9 زخمی اور 13 ڈیڈ باڈیز جبکہ اتفاق ہسپتال میں 17 زخمی اور ایک ڈیڈ باڈی لائی گئی۔ فیر وز پورروڈ پرارفع کریم ٹاور قریب ہونے والے خود کش بم دھماکے میں سب انسپکٹر سمیت 09پولیس اہلکار شہید ہوئے جن میں سب انسپکٹر ریاض ،اے ایس آئی فیاض ، کانسٹیبل ساجد ، اہلکاروں میں عابد ، مرتضیٰ ، علی رضا ، معظم عابد ، عمیر عفی اور محمد قاسم شامل ہیں ۔صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر کے ہمراہ جنرل ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ دھماکے کے نتیجے میں 26افراد شہید اور 50 کے قریب زخمی ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔

پولیس ، بم ڈسپوزل سکواڈ ، سی ٹی ڈی اور فرانزک ماہرین نے جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کر نے کا کام شروع کر دیا ۔ڈپٹی کمشنر سمیر احمد سید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ کی طرف سے ایک روز قبل تجاوزات کے خلاف مہم کا آغاز کیا گیا تھا اور اس کے لئے پولیس کی نفری تعینات تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ عمارتیں دھماکے سے منہدم نہیں ہوئیں بلکہ یہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران مشینری سے گرائی گئی ہیں