ہم بھارت میں قید ضرور ہیں لیکن اس کا حصہ ہرگز نہیں ہیں بھارت میں سکھوں کے ساتھ برا سلوک روا رکھا گیا، مرضی سے کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہے ہیں۔ سکھ رہنما ڈاکٹر امرجیت سنگھ

 
0
22461

نئی دہلی اگست 16 (ٹی این ایس): گذشتہ روز بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان بھر میں یوم سیاہ منایا گیا جبکہ بھارتی مظالم کے خلاف سکھ برادری نے بھی بھارت کے جشن آزادی کے موقع پر پاکستان کے ساتھ یوم سیاہ منایا اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے خالصتان تحریک کے سکھ رہنما ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے کہا کہ بھارت میں سکھوں کے ساتھ ہمیشہ ہی برا سلوک روا رکھا گیا ، ہم زبردستی بھارت کا حصہ ہیں، ہم مرضی سے کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پارلیمنٹ میں آئینی غنڈا گردی کی، ہماری مقدس جگہ دربار صاحب میں ہزاروں سکھوں کو مارا گیا تھا، دریائے جمنا سے واہگہ تک خالصتان ڈکلیئر کروائیں گے۔ امرجیت سنگھ نے کہا کہ سکھ قوم نے بھارتی آئین کو کبھی نہیں مانا، ڈیڑھ لاکھ سکھ نوجوانوں کو پنجاب میں جھوٹے مقابلوں میں مارا گیا، ہم مقبوضہ پنجاب کو خالصتان ڈکلیئر کروانا چاہتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم امریکہ میں احتجاج کے دوران خالصتان کا جھنڈا لہرائیں گے، بھارت میں کشمیری طلبا بھی ڈرے ہوئے ہیں، برصغیر میں بہت تیزی سے حالات بدل رہے ہیں۔ گذشتہ سال ہم نے نیویارک میں ورلڈ سکھ پارلیمنٹ لانچ کی، ورلڈ سکھ پارلیمنٹ 30 ملین سکھوں کی آواز بنے گی، ہم اسے سیاسی بیان بازی تک محدود نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے کہا کہ 1984ء میں اندرا گاندھی سرکار نے سکھوں پر ظلم کیے، ایسوسی ایٹ پریس کے صحافی نے سکھوں پر مظالم رپورٹ کیے تھے۔
امرجیت سنگھ نے کہا کہ برطانوی نشریاتی ادارے نے ڈاکیومنٹری میں ہزاروں کشمیریوں کے نکلنے کو رپورٹ کیا، آج 7 لاکھ فوج پہلے ہی کشمیر کی وادی میں موجود ہے، اب آر ایس ایس کے غنڈے بھرتی کرکے وادی میں بھیجے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان میں رہنے والی سکھ برادری نے گذشتہ روز ہندوستان کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا۔ گرنتھی گوردوارہ جنم استھان سردار دیا سنگھ کی قیادت میں سکھ کمیونٹی نے ریلی میں شرکت کی جب کہ سکھ کمیونٹی نے کشمیریوں کے حق میں اور بھارت مخالف نعرے بازی بھی کی تھی۔