صدر مملکت ممنون حسین کی اہل خانہ کے ہمراہ بذریعہ ٹرین لاہور سے راولپنڈی روانگی

 
0
553

لاہورجولائی20 (ٹی این ایس )صدر مملکت ممنون حسین اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بذریعہ ٹرین لاہور سے راولپنڈی کیلئے روانہ ہوئے ، صدر مملکت اور ان کے اہل خانہ نے 103اپ سبک رفتار ٹرین کے ساتھ لگائے گئے مخصوص سیلون میں سفر کیا ، ریلویزکے اعلیٰ حکام اور پولیس افسران بھی صدر مملکت کے ہمراہ روانہ ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق صد ر مملکت ممنون حسین اور ان کے اہل خانہ کے بذریعہ ٹرین لاہور سے راولپنڈی سفر کے سلسلہ میں محکمہ ریلویز کی طرف سے خصوصی انتظامات کئے گئے ۔ اس سلسلہ میں ریلوے اسٹیشن پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات دیکھنے میں آئے جس کے تحت داخلی راستے کو عام مسافروں کیلئے مکمل طور پر بند کر کے انہیں متبادل عقبی راستے سے ریلوے اسٹیشن کی اندرونی حصے تک رسائی دی گئی ۔ سکیورٹی کے سلسلہ میں ریلوے پولیس ، ضلعی پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات رہے جبکہ ریلوے اسٹیشن کی حدود میں پارکنگ کو ممنوعہ قرار دیا گیا ۔ اہل خانہ پہلے سخت سکیورٹی حصار میں ریلوے اسٹیشن پہنچے جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین سخت سکیورٹی حصار میں ریلوے اسٹیشن آئے اورانہوں نے محکمہ ریلویز کی طرف سے 103اپ سبک رفتار ٹرین کے ساتھ لگائے گئے خصوصی سیلون کے ذریعے سفر کیا ۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین ، کمشنر لاہور ڈویژن عبد اللہ خان سنبل اور دیگر اعلیٰ حکام نے صدر مملکت او ران کے اہل خانہ کو رخصت کیا ۔ قبل ازیں ڈی آئی جی ریلوے پولیس شارق خان نے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ ریلویز پولیس اور محکمے کے اعلیٰ افسران بھی صدر مملکت کے ہمراہ ٹرین میں روانہ ہوئے جبکہ ٹرین کے ساتھ پائلٹ انجن بھی لگایا گیا تاکہ کسی بھی تکنیکی خرابی کی صورت میں متبادل انجن لگا یا جا سکے ۔یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو بھی مخصوص سیلون کے ذریعے ٹرین کا سفر کر چکے ہیں ۔