سی ڈی اے نے کیپٹل ہسپتال کے اضافی بلاک پر تعمیر کا آغاز کر دیا

 
0
260

اسلام آباد اگست 25 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے کیپٹل ہسپتال کے اضافی بلاک پر تعمیر کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک منزلہ حصے جہاں ہسپتال کے کچھ دفاتر موجود تھے کو منہدم کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور تعمیراتی کام والے حصے کے گرد مناسب حصار کی تنصیب کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ منہدم کیے گئے حصے کے ملبے کو تقریباً دو ملین روپے میں نیلام کر دیا گیا ہے جس میں فالتو میٹریل کو سائیٹ سے ہٹانا بھی شامل ہے۔ اضافی بلاک کی تعمیر کے منصوبے پر 168 ملین روپے لاگت آئے گی جس میں پانچ منزلہ عمارت کی تعمیر بشمول ایئر کنڈشنگ سسٹم، الیکٹریکل ورک، جنریٹرز کی تنصیب اور دیگر متعلقہ سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔ پانچ منزلہ اضافی بلاک کی تعمیر کے بعد سی ڈی اے ہسپتال میں 100 بیڈز کی گنجائش میں اضافہ ہو جائے گا جبکہ اس بلاک میں نئے آئی سی یوز اور سی سی یوز بھی بنائے جائیں گے۔
سی ڈی اے انتظامیہ نے ہدایت جاری کی ہے کہ ہسپتال کے جس ایریاء میں اضافی بلاک تعمیر کیا جا رہا ہے وہاں ایک باقاعدہ حصار تعمیر کیا جائے تاکہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سی ڈی اے ہسپتال کے اس اضافی بلاک کی تعمیر کئی سالوں سے التواء کا شکار تھی اور اس پر کام شروع کرنے کے لیے کوئی توجہ نہ دی گئی تاہم منصوبے کی اہمیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سی ڈی اے کے کی موجودہ انتظامیہ نے اس پر باقاعدہ کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں اس منصوبے کی تعمیر سے متعلقہ تمام قواعدوضوابط مکمل کرنے اور بجٹ مختص کرنے کے بعد اب اس منصوبے پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سی ڈ ی اے ہسپتال کے اضافی بلاک کی تعمیر نہ صرف سی ڈی اے کے ہزاروں حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین بلکہ پرائیویٹ مریضوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔