سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹر F-6/1 میں انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران متعدد غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا خاتمہ کر دیا

 
0
13825

اسلام آباد اگست 25 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹر F-6/1 میں انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران متعدد غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔ اس آپریشن کے دوران سیکٹر F-6/1کی گلیوں میں مختلف رکاوٹیں جو عوام الناس کی نقل و حرکت کو متاثر کر رہی تھیں کو ہٹانے کے ساتھ ساتھ گھروں کے باہر لگائی گئیں کانٹے دار تاریں اور نصب کی گئیں باڑیں، غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے کار شیڈز، پارکنگ، سیکورٹی کے آلات، گارڈن اور دیگر تجاوزات جو پلاٹ لائن سے ہٹ کر سرکاری اراضی پر تجاوز کر کے تعمیر کی گئیں تھیں کو مسمار کیا گیا۔ اتوار کے روز کیے جانے والے اس آپریشن کے دوران اسلام آباد کے سیکٹر F-6/1 کی سٹریٹ نمبر32،33 اور 39 میں کاروائی عمل میں لاتے ہوئے 06لوہے کی گرلز، 18 گارڈ رومز،03 انٹرنس گیٹ، 02 ڈاگ سینٹرزاور دیگر تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔

قبل ازیں سی ڈ ی اے نے بذریعہ پبلک نوٹس عوام الناس کو متنبہ کیا تھا کہ سرکاری اراضی،فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم کی گئیں تجاوزات، عمارتوں کے گرد لگائی گئیں باڑیں، سرکاری اراضی پر قائم کی گئی پارکنگ، کار شیڈز، جنریٹرز، سیکورٹی کیبن، لان وباغیچے اور گرین بیلٹ اور خالی جگہوں پر قائم کی گئیں تجاوزات کا از خود خاتمہ کر دیں بصورت دیگر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دریں اثنا ء انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ کیے جانے والے ایک آپریشن کے دوران کشمیر ہائی وے پر تعمیر کردہ 07 غیر قانونی شیڈز، 13 سیکورٹی پوسٹ، 02کمرے، 25 کنیٹیر اور 05 ٹائیل فیکٹریوں کو مسمار کر دیا۔