چیف کمشنر اسلام آباد نے اتوار کے روز سبزی منڈی کا دورہ کیا اورسبزی منڈی میں جاری کردہ نرخ ناموں اور اس پر عملدر آمد پر تبادلہ خیال کیا

 
0
314

اسلام آباد یکم ستمبر2019 (ٹی این ایس): چیف کمشنر اسلام آباد نے اتوار کے روز سبزی منڈی کا دورہ کیا اورسبزی منڈی میں جاری کردہ نرخ ناموں اور اس پر عملدر آمد پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مختلف سٹا لوں کا معا ئنہ بھی کیا اور آویزاں کردہ ریٹ لسٹوں اور ان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سبزی منڈی میں صفائی کے نظام کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنا یا جائے۔
اس موقع پر مارکیٹ کمیٹی نے انہیں سبزی منڈی سے ریڑھیوں کی متبا دل جگہ منتقلی اور نئی پارکنگ کے حوا لے سے بریفنگ دی۔
انہوں نے اس بات زور دیا کہ مارکیٹ کمیٹی کا مقصد کاروبار کے فروغ اور عام صارف کیلئے سہولیات کی فراہمی کو آسان بنانا ہے اس لئے مارکیٹ کمیٹی اس امر کو اولین ترجیح دے۔ انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی میں قیمتوں کی نگرانی با قاعدگی سے کی جائے اور اس مقصد کے لئے مارکیٹ کمیٹی ایک ٹاسک فورس تشکیل دے تا کہ مختص کردہ ْقیمتوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی ڈپٹی کمشنر آفس اور مارکیٹ کمیٹی گزشتہ اعداد و شمار کے مطا بق قیمتوں کا جائزہ پیش کریں تا کہ قیمتوں پر کنٹرول کا اندازہ لگا یا جا سکے۔ انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچر ایکسٹینشن سروسز اور مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی تر لائی با زار کو شفافیت کے عمل کو یقینی بناتے ہوئے جلد از جلدکھولنے کی بھی ہدایات جا ری کیں۔
اس موقع پر مارکیٹ کمیٹی کے تمام ممبران، ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن سروسز اور ان کا عملہ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباداور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر بھی موجود تھے۔