آئی جی پنجاب کا رحیم یار خان میں دوران حراست ملزم کی ہلاکت کے واقعہ پراظہار برہمی

 
0
1085

لاہور۔2 ستمبر (ٹی این ایس): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خا ن نے رحیم یار خان میں دوران حراست ملزم کی ہلاکت کے واقعہ پراظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس حراست میں تشددیا ہلاکت کے کسی بھی واقعہ کی صورت میں سرکل افسر بھی ذمہ ہوگا۔ انہوں نے آر پی او بہاولپور کو ملزم صلاح الدین کی ہلاکت کے واقعہ کی انکوائری اپنی نگرانی میں کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انکوائری کے نتیجے میں ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی کو بھی یقینی بنایاجائے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ حوالات کا مطلب ملزمان کی محفوظ تحویل ہے لہذا طبیعت خراب ہونے کی صورت میں ملزمان کو بروقت طبی امداد مہیا کرنا اور ان کی صحت کا خیال رکھنا بھی متعلقہ پولیس کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کوتاہی یا غفلت پر قانونی اور محکمانہ دونوں کارروائیاں بیک وقت کی جائیں ۔ آئی جی پنجاب نے محرم الحرام کے حوالے سے تمام آرپی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ حساس اضلاع کے اے کیٹیگری کے جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے ڈی پی اوز خود جلوسوں کے ہمراہ سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کریں جبکہ حساس مجالس کی سیکیورٹی کیلئے امام بارگاہوں کے ارد گرد عمارتوں پر بھی سنائپرز تعینات کئے جائیں۔
انہوں نے مزیدہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حساس اضلاع میں نویں محرم اور یوم عاشور کے اے کیٹیگری کے جلوسوں کی فضائی مانیٹرنگ کیلئے ڈرون کیمروں سے بھی مدد لی جائے بالخصوص نویں محرم اور یوم عاشورکے مرکزی جلوسوںکے آغازسے قبل جلوسوں کے روٹس کی بم ڈسپوزل اسکواڈ، سپیشل برانچ کی ٹیموں اورسونگھنے والے کتوںکی مدد سے سکریننگ اور چیکنگ کے عمل کو ہرصورت یقینی بنایاجائے جبکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کیلئے مساجد اور امام بارگاہوں سے 100فٹ کے فاصلے پرپارکنگ کا معقول انتظام کیاجائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکپتن میں حضرت بابا فرید الدین گنج شکر کے عرس کے موقع پر زائرین کی سیکیورٹی کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں، خواتین زائرین کی چیکنگ کیلئے خواتین پولیس اہلکاروںکو تعینات کیا جائے جبکہ مزارکے اندر سادہ لباس میں کمانڈوز بھی سیکیورٹی ڈیوٹی کیلئے موجود ہوں جبکہ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں تاکہ زائرین اور عقیدت مند بغیر کسی پریشانی کے سالانہ عرس کی تقریبات میں شامل ہوسکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ویڈیولنک کانفرنس کے دوران سی سی پی او لاہور سمیت صوبے کے آر پی او ز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔ دوران کانفرنس آئی جی پنجاب نے افسرا ن کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام ایس پیزاپنے زیر انتظام تھانوں کے اچانک دوروں کے دوران حوالات اور ڈی وی آر ریکارڈنگ کی بطور خاص انسپکشن کریں اورجاری کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کی صورت ذمہ داران کے خلاف محکمانہ اور قانونی کاروائی میں ہرگز تاخیر نہ کریں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن آرپی اوز کو محرم سیکیورٹی انتظامات کیلئے اضافی نفری یا وسائل درکار ہیں وہ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز کے ساتھ رابطہ رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حساس اضلاع میں امام بارگاہوں، ماتمی جلوسوں اورمجالس کے مقامات کے گرد ونواح میں ؒسرچ،سویپ،کومبنگ اورانٹیلی جنس بیسڈآپریشنزکو جاری رکھاجائے اور لائوڈ اسپیکرایکٹ ،وال چاکنگ ،اسلحہ کی نمائش اورہوائی فائرنگ پر پابندی پر عمل درآمدکوسختی سے یقینی بنایاجائے ۔
کانفرنس میںایڈیشنل آئی جی آر اینڈ ڈی، کیپٹن (ر) ظفر اقبال، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب، کیپٹن (ر) احمد لطیف، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، انعام غنی، ایڈیشنل آئی جی ڈی اینڈ آئی، اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب، طارق مسعود یٰسین، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس، رائو سردار، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، منظور سرور چوہدری، ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن پنجاب، ابوبکر خدا بخش، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ پنجاب، زعیم اقبال شیخ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب، محمد طاہر رائے سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔