ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

 
0
382

لاہور ستمبر 13 (ٹی این ایس): وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق عون چوہدری کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد اب ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ناقص طرز حکمرانی کا دفاع کرنا مشکل تھا اس لیے عہدے سے مستعفی ہو گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ تقرر و تبادلوں پر اختلافات استعفیٰ کا سبب بنے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے ایک سادہ کاغذ پر اپنا استعفیٰ لکھ کر دیا۔ ڈاکٹر شہباز گل کے استعفے کی خبر آنے کے بعد مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج صبح میں نے ایک اہم فیصلہ لیا۔ انشاء اللہ جلد ہی آپ سب کو اس پر آگاہ کروں گا۔


خیال رہے کہ اب سے کچھ دیر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مشیر عون چوہدری کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے مشیر عون چوہدری کو عہدے سے ہٹا کر آصف محمود کو تعینات کر دیا گیا تھا۔ پنجاب کی کابینہ میں جہاں اُکھاڑ پچھاڑ ہو رہی ہے وہیں پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ جس کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے ملک اسد کھوکھر کو پنجاب کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ اسد کھوکھر کو صوبائی وزیر بنانے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ملک اسد کھو کھر آج گورنر ہاؤس لاہور میں وزارت حلف اٹھائیں گے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق پنجاب کابینہ میں تبدیلی اور ڈاکٹر شہباز گل کے استعفے کو دیکھ کر لگتا ہے کہ پنجاب میں بڑی تبدیلی آنے والی ہے۔جبکہ ایک طرف جہاں پنجاب کابینہ میں اُکھاڑ پچھاڑ ہو رہی ہے وہیں دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بغیر پروٹوکول کے ائیرپورٹ روانہ ہوئے جہاں وہ براستہ مسقط عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جائیں گے۔