حکومت سب کو گرفتار کر کے اپنا شوق پورا کر لے. آصف زرداری احتساب عدالت کا آصف علی زرداری اورفریال تالپور پر 4 اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

 
0
671

اسلام آباد ستمبر 19 (ٹی این ایس): پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ حکومت سب کو گرفتار کر کے اپنا شوق پورا کر لے. احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر آصف علی زرداری نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مراد علی شاہ سمیت جس کو گرفتار کرنا چاہتی ہے کر لے، ہمیں پروڈکشن آرڈرز کی بھی کوئی ضرورت نہیں ہے. آصف زرداری سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ نہیں سمجھتے کہ دھرنے میں مولانا فضل الرحمان کا ساتھ دینا چاہئے، جس پر آصف علی زرداری نے کہا کہ میں تو جیل میں ہوں، دھرنے میں شرکت کا فیصلہ بلاول صاحب کریں گے.
اسی دوران ایک اور صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا کہ آپ آج کل پنڈی میں ہیں، پنڈی کا موسم کیسا ہے، جس پر آصف زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آج کل بارشیں ہو رہی ہیں اور پنڈی کا موسم بدل رہا ہے. آصف علی زرداری سے صحافی نے سوال کیا کہ آپ اپنے کسی کیس میں ضمانت کی درخواست کیوں نہیں دے رہے جس پر انہوں نے کہا کہ ضمانت کا کوئی فائدہ نہیں ہم بیٹھے ہیں سکون سے، حکومت کو اپنا شوق پورا کرنے دیں.
قبل ازیں احتساب عدالت نے جعلی اکاﺅنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور پر 4 اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے. احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت کی نیب ٹیم نے گرفتار ملزم آصف زرداری کو پیش کیا تاہم فریال تالپور سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی وجہ سے پیش نہ ہوئیں.
عدالت نے ریفرنس کی نقول آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکلا کو دینے کا حکم دیا جس کی فورا تعمیل کردی گئی عدالت نے قرار دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی.آصف زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود سابق صدر کو جیل میں اے سی نہیں دیا گیا، فریج کی بجائے برف کے ڈبے دے دیئے گئے .عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کردی.