خیابان سہروردی سے نادرا چوک تک اتا ترک ایونیو پر کام تیزی سے جاری، اگلے چند دنوں میں ٹریفک کے لیے کھول دی جائے گی

 
0
380

اسلام آباد ستمبر 19 (ٹی این ایس): خیابان سہروردی سے نادرا چوک تک دو رویہ اتا ترک ایونیو اگلے چند دنوں میں ٹریفک کے لیے کھول دی جائے گی۔ متعلقہ شعبوں کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر کار پیٹنگ کے حتمی مرحلے کو مکمل کریں۔ اس ضمن میں اتا ترک ایونیو کے بارشی پانی کی نکاسی کے نظام کے علاوہ دیگر متعلقہ کام بھی مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ فضل حق روڈ سے نادرا چوک تک کے حصے کی بیس اور سب بیس (Base & Sub-base) پر کام تیزی سے جاری ہے اور اسے بھی جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا۔

اتا ترک ایونیو کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کا آغاز تین سال پہلے کیا گیا تھا تاکہ اس ایونیو پر ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کیا جا سکے تاہم مختلف مسائل کی بنیاد پر اس منصوبے کا ترقیاتی کام سست روی کا شکار رہا۔ اس منصوبے کی اہمیت اور افادیت کے پیش نظر سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے چند ماہ قبل یہ فیصلہ کیا تھا کہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں اس ایونیو کے تعمیراتی کام میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا گیا جس کے باعث آج اتا ترک ایونیو کو دو رویہ کرنے کا کام حتمی مراحل میں داخل ہو گیا ہے اور اگلے چند دنوں میں اس ایونیو کو ٹریفک کے لیے باقاعدہ طور پر کھول دیا جائے گا۔