ضمانت مسترد ہونے پر رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نے ہائیکورٹ جانے کا اعلان کر دیا

 
0
290

لاہور ستمبر 20 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کی ضمانت مسترد ہونے کے بعد اِن کی اہلیہ نے ہائیکورٹ جانے کا فیصلہ کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق اہلیہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ضمانت منسوخی کے خلاف ہائیکورٹ جاؤں گی، مجھے اُمید ہے کہ انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان غریبوں کی جان چھوٹی جو ناجائز پکڑے ہوئے تھے، ان کی بھی اللہ مدد کرے گا۔ یاد رہے کہ آج صبح مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کی ضمانت کی درخواست پر انسداد منشیات عدالت نے سماعت کی ۔
دوران سماعت رانا ثناءاللہ کے وکلا ء کی جانب سے ان کی ضمانت کے حق میں دلائل دیے گئے اور یہ کہا گیا کہ جو ایف آئی آر درج کی گئی تھی وہ سیاسی بنیادوں پر کی گئی جس کی وجہ سے ان کی ضمانت مظور کی جائے ۔ جبکہ سرکاری وکیل کی جانب سے اس مؤقف کے خلاف دلائل دیے گئے اور کہا گیا کہ اس کیس میں اے این ایف نے تمام قانونی تقاضے پورے کیے ہیں اور رانا ثناء اللہ سے منشیات برآمد ہوئی ۔
عدالت نے پانچ شریک ملزمان کی ضمانت منظور کی جبکہ رانا ثناء اللہ کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔ یاد رہے کہ یکم جولائی کو مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ترجمان اے این ایف ریاض سومرو نے رانا ثنا ء اللہ کی گاڑی سے منشیات برآمد ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔رانا ثنا اللہ خان کی گاڑی سے منشیات کی بھاری مقدار برآمد ہوئی اور ان کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد سے وہ جسمانی ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں۔
رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کے بعد ان کی اہلہ بھی میدان میں آگئی تھیں اور انہوں نے اپنے کئی بیانات میں موجودہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ تاہم اب شوہر کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد انہوں نے ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔