اسلام آباد اکتوبر 01 (ٹی این ایس): اسلام آباد کی عدالت نے ملکی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے معاملے پر سماجی کارکن گلالئی اسماعیل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی جانب سے معروف سماجی کارکن گلالئی اسماعیل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کریے گئے ہیں۔ گُلالئی اسماعیل پر الزام تھا کہ انہوں نے اسلام آباد میں ننھی بچی فرشتہ سے زیادتی اور بہیمانہ قتل کے سلسلے میں ہونے والے ایک مظاہرے میں ایک حساس ادارے کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی۔
جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ کیس کی سماعت ایڈیشنل اینڈ سیشن جج عطا ربانی نے کی۔ملزمہ گلالئی اسماعیل عدالت کی جانب سے 3 مرتبہ نوٹسز جاری ہونے کے باوجود پیش نہ ہوئیں۔ جس کے بعد تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت میں رپورٹ جمع کروا دی گئی۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ گلا لئی اسماعیل کے گھر نوٹس کی تعمیل کے سلسلے میں گئے مگر وہ اپنے گھر میں موجود نہیں تھی۔
جس کے بعد عدالت نے کئی بار کے نوٹسز کے باوجود پیش نہ ہونے پر ملزمہ گلالئی اسماعیل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کر دیے۔عدالت کی جانب سے ملزمہ گلالئی کو عدم پیشی پر اشتہاری قرار دینے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ کیس کی اگلی سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔اگر ملزمہ اگلی پیشی پر بھی عدالت میں کیس کی سماعت کے موقع پر حاضر نہ ہوئی تو اس کے خلاف اخبارات اور گھر کے باہر بھی اشتہاری ہونے کا اشتہار لگایا جائے گا۔ واضح رہے کہ گلا لئی اسماعیل چند روز قبل پاکستان سے امریکا پہنچ چکی ہیں۔