وفاقی پولیس کے حکام کی ناقص حکمت عملی کے باعث رورل سرکل کے تھانوں میں تعینات ایس ایچ اوز کی نا اہلی کے باعث علاقوں میں ڈاکو راج جیسا ماحول بن گیا

 
0
564

اسلام آباد اکتوبر 01 (ٹی این ایس)ٞ: وفاقی پولیس کے حکام کی ناقص حکمت عملی کے باعث رورل سرکل کے تھانوں میں تعینات ایس ایچ اوز کی نا اہلی کے باعث علاقوں میں ڈاکو راج جیسا ماحول بن گیا، علاقوں میں اڑھائی کروڑ روپے مالیت کی مجموعی ڈکیتیاں۔تھانہ شہزاد ٹائون پولیس کے ایس ایچ او رانا اکرم کو مسلح ڈکیتوں نے ایک کروڑ باون لاکھ روپے کی سلامی پیش کی تو وہیں تھانہ کورال پولیس کے ایس ایچ او عالمگیر خان کو مسلح ڈکیتوں نے دن دیہاڑے اسلحہ کی نوک پر شہری سے نوے لاکھ روپے چھین کر پولیس رٹ کو چیلنج کر دیا ۔ادھر شہر میں اسلحہ بردار ڈاکوئوں نے انت مچائے رکھی تو وہیں دوسری جانب آئی جی اسلام آباد ایک تقریب میں اکیس فیصد جرائم میں کمی کا راگ الاپتے رہے ۔شہر میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی کی وارداتوں پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے وفاقی پولیس حکام کی نا اہلی قرار دیا ہے ۔ذرائع سے موصولہ معلومات کے مطابق  تھانہ شہزاد ٹائون کے علاقے راول ٹائون میں ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی جس میں موٹر سائیکل سوار اسلحہ بردار ڈاکو ڈاکخانہ کی گاڑی لوٹ کر فرار ہو گئے،گاڑی میں ایک کروڑباون لاکھ روپے موجود تھے ۔ذرائع نے بتایا کہ ڈکیتی کی واردات میں تین موٹر سائیکلوں پر چھ اسلحہ بردار ڈاکو سوار تھے واردات راول ٹاون میں ڈاکخانہ کے سامنے کی گئی جبکہ ڈاکو با آسانی جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے ۔ شہزاد ٹاون کے علاقہ میں ڈکیتی کی واردات کے معاملہ پر ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید نے واردات کو جلد ٹریس کرنے کے لئے ایس پی سٹی کی نگرانی میں ٹیمیں تشکیل دے د ی ہیں،ڈی آئی جی کے مطابق پولیس ملزمان کو ٹیکنیکل طریقے سے ٹریس کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے،ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جس گاڑی میں ڈکیتی ہوئی وہ آرمڈ نہیں تھی،گاڑی کے اندر سے لاک مکمل ٹوٹے تھے اور بالکل غیر محفوظ تھی،گاڑی پر تعینات سکیورٹی گارڈز سول کپڑوں میں تھے،سکیورٹی گارڈز غیرتربیت یافتہ تھے اور دوران واردات کوئی مزاحمت نہیں کی،جس ڈاکخانہ کے سامنے واردات ہوئی وہاں کوئی سکیورٹی گارڈ تعینات نہ تھا گاڑی کو پوسٹ آفس سے باہر کھڑا کرکے ڈیلیوری کی جارہی تھی جو کہ ایس او پی کی سخت خلاف ورزی ہے پولیس واردات کو ٹریس کرنے کے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ذرائع کے مطابق مسلح ڈکیت سکیورٹی کارڈ کی رپیٹر گن بھی چھین کر لے گئے ہیں جبکہ تھانہ شہزاد ٹائون پولیس رات گئے ااخری اطلاعات موصول ہونے تک ڈکیتوں کا سراغ لگانے میں مکمل طور پر ناکام  ہے ۔اسی طرح دوسری واردات تھانہ کورال کے علاقے میں ہوئی جس میں اسلحہ بردار ڈاکوئوں نے پی ڈبلیو ڈی کے بینک سے نو ے لاکھ روپے نکلوا کر آنے والے عبید نامی شخص کا نشانہ بنایا ۔ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار اسلحہ بردار ڈاکوئوں نے عبید نامی شہری جو کہ اپنی ایکس ایل آئی کار پر سوار تھے کو گلبرگ کے قریب روکنے کی کوشش کی تو شہری نے گاڑی بھگا دیا جس پر ڈاکو نے فائرنگ کر کے گاڑی کے ٹائر کو پھاڑ دیا اور گاڑی میں موجود شہری کو اسلحہ کی نوک پر یرغمام بنا کر نوے لاکھ روپے لوٹے اور با آسانی فرار ہو گئے ۔مذکورہ وقوعہ بھٹی پلازہ گلبرگ کے سامنے پیش آیا ۔ذرائع کے مطابق رورل سرکل میں ایس ایچ اوز کی نا اہلی کے باعث علاقوں میں ڈاکو راج سا سماں بن چکا ہے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس ،غم و غصہ اور شدید تشویش پائی جاتی ہے جبکہ شہریوں نے ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کو وفاقی پولیس کے اعلیٰ حکام کی ناقص حکمت عملی قرار دیا ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذولفقار نے آئی جی آفس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں اکیس فیصد جرائم میں کمی آئی ہے تو وہیں دوسری جانب اسلحہ بردار ڈاکوئوں میں شہر میں اڑھائی کروڑ روپے کی ڈکیتیاں کر کے پولیس کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے ۔