وزیرِاعظم عمران خان سے مصر کی ممتاز کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد کی ملاقات

 
0
617

اسلام آباد اکتوبر 03 (ٹی این ایس): وزیرِاعظم عمران خان سے مصر کی ممتاز کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری، چئیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی اور پاکستان میں مصر کے سفیر احمد فضل یعقوب بھی موجود تھے۔
وفد نے وزیرِ اعظم عمران خان کے وژن اور حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصر کی کمپنیاں پاکستان میں گھروں کی تعمیر، توانائی، صحت و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ وفد نے کہا کہ مصر کے عوام اور کاروباری طبقہ وزیرِ اعظم عمران خان کے وژن اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کے معترف ہیں اور وہ نیا پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں۔
وفد نے وزیرِ اعظم کی اقوام متحدہ میں تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر جس مدلل اور بھرپور طریقے سے اسلامو فوبیا و مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے آواز بلند کی ہے وہ لائق تحسین ہے۔ توانائی کے شعبے میں مصر کی معروف کمپنی ال سویدی الیکٹرک نے توانائی کے شعبے میں پانچ سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا۔
وفد کی جانب سے کہا گیا کہ مصری کمپنیاں صحت عامہ، توانائی اور وزیرِ اعظم پاکستان کے پچاس لاکھ گھروں کے تعمیر کے منصوبے میں آئندہ ایک سال میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی خواہشمند ہیں۔ وفد نے کہا کہ ان کو وزیرِ اعظم عمران خان اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مصر کے بردارانہ تعلقات کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے سلسلے میں بے شمار پوٹینشل موجود ہے۔
حکومت مصر کے سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کو ملک میں کاروبار سے متعلق ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ وہ منافع بخش کاروبار ی سرگرمیاں سر انجام دے سکیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر درپیش چیلنجز اور خصوصاً اسلام کے بارے میں بیرونی دنیا میں ہونے والے پراپیگنڈے سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان ہر سطح پر تعاون کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ دونوں ملک ایک دوسرے کی طاقت بن کر درپیش مسائل کا موثر طریقے سے سامنا کر سکیں۔
وزیرِ اعظم نے جامعہ الازہر مصر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ عالم اسلام کے مابین تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے اس موقع پر حکومت پاکستان کی توانائی کے شعبے میں نئی پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ قابل تجدید توانائی کے شعبے کو فروغ دیا جائے۔ اس ضمن میں مصری کمپنیوں کی دلچسپی حوصلہ افزاء ہے۔ صحت کے شعبے پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کا وژن بیماریوں سے محفوظ پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی کے شعبے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔