بھکاری کی جھونپڑی سے لاکھوں روپے برآمد

 
0
12231

ممبئی اکتوبر 08 (ٹی این ایس): بھارتی شہر ممبئی میں ایک بھکاری کی جھونپڑی سے سات لاکھ کی نقدی برآمد کر لی گئی۔ بھکاری کی ایک ٹریفک حادثہ میں موت ہو گئی جس کے بعد اس کی جھونپڑی کی تلاشی لی گئی۔ جھونپڑی کی تلاشی کے دوران بھکاری کی جھونپڑی سے سات لاکھ کی نقدی برآمد ہوئی جس نے سب کو حیران کردیا۔ تفصیلات کے مطابق 82 سالہ برادی چند پننا رام جی آزاد عرف ”سادھو بابا” گوونڈی اور مانخرد ریلوے سٹیشنز کے درمیان پٹڑی پار کرتے ہوئے ٹرین کے نیچے آ گیا۔
پولیس کے مطابق وہ راجستھان کے ایک گاؤں کے رہائشی تھا لیکن ایک عرصے سے ممبئی میں سکونت پذیر تھا اور ریلوے اسٹیشنز پر بھیک مانگا کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق برادی چند پننا رام جی کی موت کے بعد جب تفتیش کا آغاز کیا گیا تو کچی بستی میں موجود ان کی جُھگیسے پونے دو لاکھ کی ریزگاری برآمد کی۔ یہی نہیں بینک میں فکسڈ ڈیپازٹ کی شکل میں آٹھ لاکھ 77 ہزار روپے جمع کروانے کی دستاویزات بھی وہاں موجود تھیں۔
پولیس افسر کے مطابق بھکاری کے گھر سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ کے سکے ملے جن میں 50 پیسے، ایک روپے، دو روپے اور پانچ روپے کے سکے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے بینک میں 96 ہزار روپے بھی جمع پائے گئے ہیں۔ یہ ریزگاری ٹن کے ڈبوں، پانی کی ٹنکیوں اور جھونپڑی میں مختلف جگہ پر چھپائی گئی تھی۔ سادھو بابا کی موت کے بعد ان سے برآمد کی جانے والی دولت کے بعد کم و بیش پانچ افراد نے پولیس سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ ان کے وارث ہیں۔ لیکن پولیس نے کسی کو بھی سادھو بابا کی جھونپڑی سے برآمد ہونے والی نقدی دینے سے متعلق کوئی بھی فیصلہ دستاویزات کے ذریعے تصدیق ہونے پر ملتوی کر دیا۔ پولیس کے مطابق بھکاری کے دو بیٹے ہیں اور فکسڈ ڈپازٹ میں صرف ان کے بڑے بیٹے کا نام وارث کے طور پر درج ہے۔