امریکی کرنسی کی قیمت میں مزید کمی ہوگئی، مہنگائی میں بھی کمی ہونے کا امکان

 
0
271

اسلام آباد اکتوبر 10 (ٹی این ایس): روپیہ عروج کے حصول کی راہ پر گامزن، ڈالر کو روند ہی ڈالا، امریکی کرنسی کی قیمت میں مزید کمی ہوگئی، مہنگائی میں بھی کمی ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق روپیہ ایک مرتبہ پھر مضبوط ہونے لگا اور جمعرات کے روز انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر مزید گر گئی۔ جمعرات کے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے سستا ہوا ہے، روپے کے مقابلے میں ایک امریکی ڈالر 156 روپے 40 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
دوسری طرف اوپن مارکیٹ کی طرح انٹر بینک میں بھی ڈالر کی قدر 14 پیسے گھٹ گئی، اس طرح انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی 156 روپے 18 پیسے کی سطح پر بند ہوئی ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق ڈالر کی قیمت میں کمی سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں آہستہ آہستہ کمی آئے گی۔ گزشتہ 3 ماہ کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 7 روپے سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہے۔
پاکستان میں پہلی مرتبہ حکومت کرنسی مارکیٹ میں مداخلت کر کے ڈالر کی قیمت کو کنٹرول نہیں کر رہی۔ اس پالیسی کو نافذ کیے جانے کے موقع پر خدشہ تھا کہ ڈالر کی قیمت 200 روپے تک جا سکتی ہے، تاہم خدشات کے برعکس ڈالر کی قیمت میں بدتریج کمی ہی واقع ہوئی ہے۔ دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے چوتھے روز بھی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس مزید 503 پوائنٹس بڑھ گیا۔
کاروبار کا آغاز ہی تیزی سے ہوا جب پہلے گھنٹے کے دوران انڈیکس 33700 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا، اسی کا تسلسل جاری رہا، ایک موقع پر 100 انڈیکس 34047.11 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا، اس دوران معمولی مندی کے باعث انڈیکس دوبارہ 33523 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس کاروبار کے اختتام پر 503.96 پوائنٹس تیزی کے بعد 34027.70 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، پورے کاروباری روز کاروبار میں 1.48 فیصد بہتری دیکھی گئی۔