وفاقی حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کا حل ڈھونڈ نکالا

 
0
902

اسلام آباد کے شہریوں کو اب اشیا خوردونوش کے تازہ ترین نرخ نامے موبائل پر دستیاب ہوں گے
اسلام آباد اکتوبر 16 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام سے جو وعدے کیے تھے اُن میں سے ایک مہنگائی کو ختم کرنا تھا لیکن حکومت کے پہلے ہی سال میں ملک بھر میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں عوام بھی موجودہ حکومت سے مایوس ہونے لگی۔ تاہم اب وفاقی حکومت نے عوام کو مہنگائی سے چُھٹکارا دلوانے کے لیے حل ڈھونڈ نکالا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اشیائے خوردونوش کی قیمتیں الیکٹرانک طریقے سے کنٹرول کرنے کے لیے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے درست دام کے نام سے موبائل ایپلی کیشن متعارف کروا دی۔
وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے اس ایپلی کیشن کا افتتاح کیا۔ موبائل ایپلی کیشن پر ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر اشیا ضروریہ کے تازہ ترین نرخ اپڈیٹ کرے گی۔ جس سے شہریوں کو ہر چیز کی قیمت صرف ایک کلک کے ذریعے دستیاب ہو گی۔ اس موقع پر وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا دنیا ڈیجیٹلائزیشن میں بہت آگے چلی گئی ہے، ”درست دام ایپلی کیشن” حکومت کے درست اقدامات میں سے ایک ہے جس کے ذریعے خود ساختہ مہنگائی کو کنٹرول کیا جا سکے گا۔
ایپلی کیشن کے افتتاح کے موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد عامرعلی احمد کا کہنا تھا کہ درست دام ایپلیکیشن کی مدد سے قیمتیں من مانے طریقے سے بڑھانے کا راستہ روکا جائے گا شہریوں کو پرائس لسٹ بھی ڈھونڈنی نہیں پڑے گی ۔ ”درست دام موبائل ایپلی کیشن” پہلے مرحلے میں اسلام آباد کی حد تک کام کرے گی مثبت نتائج آنے پر اس کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھایا جائے گا۔ شہریوں کی جانب سے درست دام ایپلی کیشن کے افتتاح کو سراہا گیا لیکن ساتھ ہی یہ سوال بھی اُٹھایاگیا کہ جو شہری اینڈرائیڈ یا اسمارٹ فون استعمال نہیں کرتے اُن کو اشیائے خوردونش کی درست قیمتیں کون بتائے گا ؟