اسلام آباد اکتوبر 23 (ٹی این ایس): سپریم کورٹ نے لیگی رہنماسہیل ضیاء بٹ کو کرپشن الزامات سے بری کرتے ہوئے بریت کیخلاف نیب اپیلیں خارج کر دیں ۔ بدھ کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے نیب کی اپیلیں زائد المعیاد ہونے پر خارج کیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرلز اپیل دو ماہ میں دائر کر سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نیب بھی ریاستی ادارہ ہے اس لیے اپیل کیلئے سپریم کورٹ رولز میں ترمیم ہونی چاہیے۔
چیف جسٹس نے کہاکہ سپریم کورٹ رولز میں ترمیم کیلئے نیب نے کوئی درخواست نہیں دی۔نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ سہیل ضیاء بٹ پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے، غیر قانونی معاہدہ کرکے اس پر عمل بھی نہیں کیا گیا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کیا نیب چاہتا ہے غلط کام پورا نہ کرنے پر بھی سزا ہو ۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ سہیل ضیاء بٹ نے غیرقانونی طور پر پیسے وصول کیے اور کام بھی نہیں کیا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ منگل باغ کے پاس بھی لوگ پیسے دیکر کام کروانے جاتے تھے، جنہوں نے غیرقانونی کام کروایا وہ سب بری ہوگئے۔چیف جسٹس نے کہاکہ سہیل ضیاء بٹ کو کسی عدالت نے سزا نہیں دی۔